Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں موسلادھار بارش، انڈر پاسز بند کر دیے گئے

’ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے رہائشیوں سے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی تھی‘ ( فوٹو: واس)
جدہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب موسلادھار بارش ہوئی ہے جس سے قبل تمام امدادی اداروں نے ہنگامی حالت جبکہ سکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ شہر سمیت اطراف اور مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث محکمہ ٹریفک نے تمام انڈر پاسز بند کردیے تھے۔
محکمہ شہری دفاع نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے رہائشیوں سے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی تھی۔
ادھر مکہ مکرمہ گورنریٹ نے کہا ہے کہ ’جدہ میں موسلادھار بارش کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے السلام، اندلس، الساریہ، کنگ عبد اللہ روڈپر طریق مدینہ، کنگ فہد اور جامعہ کے علاوہ پرنس ماجد روڈ اور حرا روڈ کے تمام انڈر پاسز ٹریفک کے لیے بند کردیئے گئے ہیں‘۔
ادھر جدہ میونسپلٹی نے بارش کے لیے بھر پور تیاری کر رکھی تھی  جس کے تحت شہر کی سڑکوں سے پانی صاف کرنے کا پیشگی اہتمام کیا گیا۔
اسی طرح کی تیاری رابغ، جموم، الکامل، خلیص، اللیث، قنفذہ اور العرضیات میں بھی تھی جہاں میونسپلٹی نے بارش رکتے ہی سڑکوں سے پانی صاف کرنے کا کام شروع کردیا۔
دریں اثنا جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے فضائی کمپنی سے رابطہ کریں‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’موسلادھار بارش، گرج اور چمک کی وجہ سے بعض پروازوں کے جدول میں تبدیلی ہوگئی ہے‘۔
اسی سے ملتی جلتی کیفیت مکہ مکرمہ میں بھی رہی جہاں رات گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

شیئر: