بارش کا سلسلہ جمعرات تک، کون کون سے علاقے زد میں رہیں گے؟
عرفات اور بحیرہ کا علاقہ بھی بارش کی زد میں رہے گا (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ پیر کو صبح 10 بجے تک مکہ مکرمہ ریجن میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ رہنے کا امکان ہے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’موسمیات کے قومی مرکز سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، طائفج الجموم، الکامل، خلیص، اللیث، القنقفذہ، العرضیات، اضم میں بارش متوقع ہے۔‘
شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں سے دور رہپنے کی اپیل کی ہے۔
قبل ازیں موسمیات کے قومی مرکز نے بیان میں کہا تھا کہ بارش کا سلسلہ جعمرات تک جاری رہے گا۔
قومی مرکز نے توقع ظاہر کی کہ ’پیر سے جمعرات تک مدینہ منورہ اور اس کی کمشنریوں، حدود شمالیہ، حائل، ریاض تک کے علاقے بارش کی زد میں رہیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ عسیر کے بعض مقامات جازان اور باحہ میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ گرد آلود تیز ہواوں سے حد نظر محدود ہو جائے گی جبکہ ژالہ باری کے باعث موسم میں خنکی پیدا ہو گی۔
قومی مرکز نے یہ بھی کہا کہ عرفات اور بحیرہ کا علاقہ بھی بارش کی زد میں رہے گا۔