مکہ کلاک ٹاور میں زائرین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے نرسری
مکہ کلاک ٹاور میں زائرین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے نرسری
منگل 13 دسمبر 2022 5:08
زائرین آئندہ رمضان 2023 سے نرسری کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں مکہ کلاک رائل ٹاور میں فیر ماؤنٹ ہوٹل کے سی ای او کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں رہنے والے عازمین حج اور عمرہ زائرین آئندہ رمضان 2023 سے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
عبدالعزیز الموسا نے عرب نیوز کو بتایا کہ فیئر ماؤنٹ ہوٹل عازمین حج اور عمرہ زائرین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک نرسری بنائے گا۔
عبدالعزیز الموسا نے کہا کہ ’پہلا مرحلہ اگلے سال شروع کیا جائے گا۔ ہوٹل میں 150 بچوں کی دیکھ بھال کی گنجائش ہو گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دوسرا مرحلہ 2024 کے وسط میں شروع کیا جائے گا جب اس کی گنجائش 300 سے 500 بچوں تک بڑھ جائے گی۔‘
عبدالعزیز الموسی نے کہا کہ ’اس انیشیٹو کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے عازمین حج اور عمرہ زائرین اطمینان سے عبادت کر سکیں گے اور انہیں علم ہو گا کہ ان کے بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ بچوں کو مقدس شہر مکہ اور چھوٹی عمر میں اسلامی رسومات کے بارے میں بصیرت فراہم کرے گا جو ان کو مذہبی بنیاد فراہم کرے گا۔‘
نرسری میں بچوں کا خیال رکھا جائے گا اور انہیں ان رسومات کے بارے میں بھی تعلیم دی جائے گی جو ان کے والدین انجام دے رہے تھے۔
عبدالعزیز الموسی نے کہا کہ ’ہائی ٹیک بریسلیٹ والدین کو اپنے بچوں کے بارے میں جاننے کی سہولت دے گا اور کیمرے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں کی نگرانی کریں گے۔‘
فیئر ماؤنٹ ہوٹل کے سی ای او نے کہا کہ بین الاقوامی زائرین کے ہوٹل میں قیام کی موجودہ اوسط مدت پانچ دن تھی لیکن سٹیبلشمنٹ اس مدت کو بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
کنگ عبدالعزیز انڈومنٹ میں ہوٹل اور تین دیگر اداروں کے مینیجنگ ڈائریکٹر سالم الشھرانی نے کہا کہ فیئرمونٹ مکہ عازمین کے قیام کے معیار کو بہتر بنانے کی مہم کے حصے کے طور پر جلد دو نئے فوڈ آؤٹ لیٹس کھولے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیائی کھانے پیش کرنے والا ایک آؤٹ لیٹ سال کے آخر تک کھلنے والا ہے جب کہ ایک سشی ریسٹورنٹ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کھولا جائے گا۔
عبدالعزیزالموسی نے کہا کہ ہماری کوششیں اور عزائم ایک بڑے اور عظیم سعودی وژن 2030 کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وژن 2030 کے مقاصد میں سے ایک مسلمانوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو مکہ مکرمہ آنے اور عمرہ اور حج کو بغیر کسی رکاوٹ، آسانی اور محفوظ طریقے سے کرنے کے قابل بنانا ہے۔‘