اتوار کا دن تھا اور تاریخ 11 دسمبر تھی سوشل میڈیا پر وہی سیاست، کرکٹ اور فٹ بال وغیرہ جیسی باتیں جاری تھیں کہ اچانک شام کو پانچ بجکر 16 منٹ پر ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ نمودار ہوئی جس نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا۔
ٹوئٹر پر ’ٹائپو ہیر‘ نامی ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’یہ بحریہ، ڈی ایچ اے (ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی) والے خود ساختہ اسلام آبادی ہیں۔‘
مزید پڑھیں
اسی ٹویٹ میں صارف نے بحریہ اور ڈی ایچ اے میں رہنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’برائے مہربانی کچھ شرم کریں، آپ لوگ روات میں رہتے ہیں۔‘
اس ٹویٹ کے پیچھے مقصد کیا تھا یہ بتانا تو مشکل ہے لیکن اندازہ یہی ہے کہ ان الفاظ کے پیچھے شرارت چھپی ہوئی تھی جسے ٹوئٹر کی زبان میں ’تیلی ٹویٹ‘ کہا جاتا ہے۔
Ye bahria , DHA waly self proclaimed isbdi Hain. Please have some grace, you guys live in rawat
— meh (@typohere) December 11, 2022
اگر آپ کو سوشل میڈیا پر لطف اندوز ہونا ہے تو اس ٹویٹ پر ہونے والے تبصروں کو پڑھیں آپ کو لگے کہ چلیں دنیا میں اب بھی طنز و تنقید سے مزاح حاصل کرنا ممکن ہے۔
داؤد خٹک نامی صارف نے ’ٹائپو ہیر‘ سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا ’بالکل ایسا ہی ہے۔ یہی سوال میں بھی کافی اسلام آباد فوبیا والوں سے پوچھتا ہوں بیچ میں اتنا سارا راولپنڈی ہے لیکن خود کو اسلام آبادی کہتے ہیں۔‘
ولید نامی صارف نے دہائی دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہاں تک کہ گوگل میپ بھی کہتا ہے کہ یہ (روات) اسلام آباد ہے۔ ان کا مسئلہ کیا ہے؟‘
متین نامی صارف کی طبعیت پر روات کو اسلام آباد کا حصہ قرار نہ دینا گراں گزرا اور انہوں نے قوٹ ٹویٹ کر کے کے لکھا کہ ’آ گئی صرف ایف سکس اسلام آباد ہے والی محرومی کا شکار قوم۔‘
باسط نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’چند سالوں میں ایف سیکٹر میں رہنے والی اشرافیہ (اسلام آباد کے) دیگر سیکٹروں میں رہنے والے عام عوام کے خلاف ناگزیر جنگ کی تیاری شروع کر دے گی۔‘