کویت: غیرملکیوں کی ترسیلات زر پر5فیصد ٹیکس کی تجویز
کویت سٹی: کویتی پارلیمنٹ میں ترسیلات زر پر5فیصد ٹیکس وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ پارلیمنٹ کی رکن صفاءالہاشم نے کہا ہے کہ انہوں نے مجوزہ قانون پیش کردیا ہے جس کے مطابق بیرون ملک ہونے والی ہر قسم کی ترسیل زر پر 5فیصد ٹیکس وصول کیا جائے۔ یہ رقم ملکی خزانے میں جمع ہوگی۔ انہوں نے تجویز کیا ہے کہ اس سے صرف حکومتی ترسیلات زر کے علاوہ عالمی معاہدوں کے مطابق ترسیلات کو استثنی ہوگا۔ تجویز کے مطابق ٹیکس ادا نہ کرنے پر ترسیل زر کی جائے تو خلاف ورزی کرنے والے سے ترسیل کی جانے والی رقم کا دوگنا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم غیرملکیوں کی ترسیلات زر کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 5سال کے دوران غیر ملکیوں نے 21بلین دینار اپنے ممالک روانہ کئے ہیں۔ غیرملکی اوسطا سالانہ 4.5بلین دینار ترسیل کرتے ہیں۔ اعداد وشمار سے معلوم ہوا ہے کہ کویت میں مقیم غیرملکی اپنی تنخواہ کا بیشتر حصہ اپنے ملک روانہ کردیتے ہیں۔ غیر ملکیوں کی ترسیلات زر کا مجموعی حجم حکومتی اداروں کے سالانہ بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔