فیفا ورلڈ کپ: فرانس اور مراکش کے میچ سے قبل پیرس میں سکیورٹی الرٹ
فرانسیسی نپولیس کا کہنا ہے کہ میٹرو کا کوئی بھی سٹیشن بند نہیں ہوگا۔( فوٹو روئٹرز)
قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے بدھ کی رات ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں مراکش اور فرانس کے درمیان کانٹے کے میچ کے پیش نظر فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ نے فرانسیسی وزیر داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ’ فرانس میں دس ہزار پولیس اہلکاروں کو متحرک کیا گیا ہے۔ ان میں سے پانچ ہزار پیرس کے اطراف اور دو ہزار سے زیادہ دارالحکومت میں تعینات ہیں۔‘
فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ ’ بدھ کی رات پیرس کے تمام علاقوں، مضافات خصوصاً شانزلیزیہ کے اطراف سادہ لباس میں بھی سکیورٹی اہلکارتعینات رہیں گے۔ میچ کے حوالے سے کسی کو امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
پولیس نے کہا کہ’ پیرس کی شانزلیزیہ سٹریٹ اور میٹرو کا کوئی بھی سٹیشن بند نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں‘۔
یاد رہے کہ فرانسیسی ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔
دوسری جانب براعظم افریقہ اور عرب دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک افریقی عرب ملک مراکش سیمی فائنل تک پہنچنے کے بعد نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اگر مراکش کی اس ورلڈ کپ میں سفر کی بات کی جائے تو اس میں انہوں نے گروپ راوںڈ میں تین میچز کھیلے جس میں دو جیتے اور ایک میچ ڈرا رہا۔
مراکش کا کروشیا کے ساتھ پہلا میچ بغیر کسی گول کے ڈرا ہوا تھا جبکہ مراکش نے بیلجیئم کو 0-2 اور کینیڈا کو 1-2 سے شکست دی۔
راؤنڈ آف 16 میں مراکش نے سپین کو پینلٹی کِکس پر 0-3 سے اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا جبکہ کوارٹر فائنل میں مراکش نے پرتگال کو ایک صفر سے تاریخی شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔
دوسری جانب دفاعی چیمپیئن فرانس نے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیا کو 1-4 سے شکست دی تھی جبکہ اپنے دوسرے میچ میں ڈنمارک کو 1-2 سے ہرایا تھا۔
فرانس کو گروپ سٹیج کے آخری میچ میں تیونس کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
راؤنڈ آف 16 میں فرانس نے 1-3 سے پولینڈ کو ہرادیا تھا جبکہ کوارٹر فائنل میں فرانس نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فرانس اور مراکش فیفا ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔
اس سے پہلے دونوں ٹیمیں مختلف ٹورنامنٹ میں سات بار آمنے سامنے آئی ہیں جس میں پانچ بار فرانس اور 2 مرتبہ مراکش کو جیت حاصل ہوئی ہے۔