سعوددی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کے خلاف مراکش کی ٹیم کی کامیابی پر نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے پیر کو مراکش کے بادشاہ شاہ محمد ششم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مراکش کی قومی فٹبال ٹیم کی تاریخی کامیابی ہرعرب کو خوش کرنے کا باعث بنی ہے‘۔
سعودی ولی عہد نے مراکشی ٹیم کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مراکش کے شاہ محمد ششم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پرجوش جذبات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ مراکش نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ مراکش اب فرانس کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا۔