ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن: ’مراکشی کھلاڑی زندگی کی بازی لگا رہے ہیں‘
جمعہ 16 دسمبر 2022 11:50
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کروشیا اور مراکش کا میچ ہفتے کو خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے مراکش اور کروشیا کی ٹیمیں ہفتے کو قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گی.
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کروشیا کے 31 سالہ فٹ بالر آرندرے کرامیرچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والا میچ بالکل بھی بے معنی نہیں ہوگا۔
آندرے کرامیرچ نے مزید کہا کہ ’میرے خیال سے یہ سوال آپ کو مراکش کے کھلاڑیوں سے پوچھنا چاہیے اور میرا نہیں خیال وہ اس میچ کو بے معنی سمجھیں گے۔‘
کروشین سٹارائکر آرندرے کرامیرچ کے مطابق اس مقابلے میں دونوں ٹیموں کی ’لافانیت‘ داؤ پر لگی ہوگی۔
انہوں نے مراکشی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ جیت کے لیے اپنی زندگیوں کی بازی لگا رہے ہیں کیونکہ اگر آپ ورلڈ کپ میں میڈل جیتتے ہیں تو آپ اپنے ملک کے لیے لافانی ہیرو بن جاتے ہیں۔‘
کروشین فٹ بالر کے مطابق وہ بھی اپنے ملک کے لیے ایک ’لافانی‘ ہیرو بننا چاہتے ہیں اور ان کی ٹیم مراکش کے خلاف میچ جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔
خیال رہے مراکش کی ٹیم کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب افریقی ٹیم ہے اور سیمی فائنل میں اسے فرانس کے ہاتھوں 0-2 سے شکست ہوئی تھی۔
دوسری جانب روس میں 2018 میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی کروشیا کی ٹیم اس بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ارجنٹائن سے 0-3 سے ہاری تھی۔
ورلڈ کپ کا فائنل دفاعی چیمپیئن فرانس اور لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائن کے درمیان اتوار 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔