خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملائیشیا کے بادشاہ اور وزیراعظم سے وسطی سیلنگور ریاست میں لینڈ سلائڈنگ سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کےمطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے الگ الگ پیغامات بھیجے ہیں۔
یاد رہے کہ ملائیشیا میں ایک سیاحتی کیمپ گراؤنڈ میں مٹی کا تودہ گرنے سے 16 افراد ہلاک ہو ئے تھے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ضلعی پولیس کے سربراہ سفیان عبداللہ نے بتایا تھا کہ 94 ملائیشین شہری کوالالمپور سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال میں وسطی سیلنگور ریاست میں کیمپ سائٹ پر موجود تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
ضلعی پولیس کے سربراہ کے مطابق ’مرنے والوں کی تعداد 16 ہے جن میں ایک پانچ سالہ بچہ شامل ہے۔ 17 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ 53 افراد کو بغیر کسی نقصان کے بچا لیا گیا۔‘