Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرویز الہی سے جنرل باجوہ کے متعلق بات کرنے پر کچھ طے نہیں ہوا تھا‘

عمران خان نے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے چوروں کو ملک پر مسلط کر دیا۔‘ (فوٹو: پی ٹی آئی)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’ہمارا پرویز الٰہی کے ساتھ سابق آرمی چیف کے متعلق بات کرنے پر کچھ طے نہیں ہوا تھا۔‘
پیر کو لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ’میرے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ادھر کوئی بات نہیں کی۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’(پرویز الٰہی نے) اُس وقت نہیں کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔‘
واضح رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب جوہدری پرویز الٰہی نے اتوار کو نجی نیوز چینل اے آر وائی کو ایک انٹرویو میں عمران خان کے سابق آرمی چیف کے خلاف بیانات پر اعتراض اٹھانے ہوئے کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی احسان فراموش نہ بنے۔‘
سنیچر کو چیئرمین پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی محمود خان اور وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کے ساتھ بیٹھ کر یہ اعلان کیا تھا کہ آئندہ جمعے کو دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔
اسی اعلان کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’ان کی حکومت سابق آرمی چیف نے گرائی۔‘
چوہدری پرویز الٰہی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’تین مہینے پہلے میں نے مونس الٰہی سے یہ بات کہی تھی کہ دیکھو باجوہ صاحب ہمارے محسن ہیں، آپ کے محسن ہیں، پی ٹی آئی کے محسن ہیں۔ خدا کا خوف کرو ان کے بارے میں نہ بولیں۔
پرویز الٰہی نے عمران خان کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کل عمران خان نے اپنے ساتھ بٹھا کر مجھے، میرے سامنے باجوہ صاحب کو برا بھلا کہا، یہ بڑی زیادتی ہے۔‘
تاہم آج بھی عمران خان نے سابق آرمی چیف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے چوروں کو ملک پر مسلط کر دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ہمارے اتحادی ہیں اور ہمارے ساتھ ہیں۔

شیئر: