’بغیر اجازت تصویر کا استعمال‘، انوشکا کی برہمی پر برینڈ کا بھرپور جواب
ویراٹ کوہلی نے بھی پوما کمپنی کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ معاملہ حل کیا جائے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے ’بغیر اجازت‘ تصویر استعمال کرنے پر معروف برینڈ پوما پر برہمی کا اظہار کیا ہے جس پر پوما نے بھی بھرپور ردعمل دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انوشکا نے انسٹاگرام پر پوما انڈیا کی وہ پوسٹ شیئر کی جس میں ان کی تصویر شامل ہے اور انہوں نے وہی برینڈ پہن رکھا ہے۔
انہوں نے کمپنی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آپ کو معلوم ہو گا کہ اپنی تشہیر کے لیے میری تصویر اپنے برینڈ کے لیے استمعال کرنے سے قبل اجازت لینا ضروری تھا کیونکہ میں اب کمپنی کی ایمبیسڈر نہیں ہوں۔‘
اداکارہ نے کمپنی سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ پوسٹ کو ڈیلٹ کیا جائے جبکہ ساتھ ہی غصے والے ایموجیز بھی لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انوشکار شرما کے شوہر اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے بھی کمپنی کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پونا انڈیا براہ مہربانی اس معاملے کو حل کریں۔‘
دونوں سیلبریٹیز کی جانب سے پوسٹس سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے معاملے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور اس کو ’اپنی تشہیر کے لیے حکمت عملی‘ قرار دیا اور کہا کہ آن لائن سیلز بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’اپنی تشہیر کی سٹریٹیجی زوروں پر ہے۔‘
اسی طرح ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’مارکیٹنگ آن پوائنٹ۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’ان لوگوں کے لیے دو منٹ کی خاموشی، جن کا خیال ہے کہ یہ اصل لڑائی ہے۔‘
اس کے بعد برینڈ کی جانب سے کچھ یوں ردعمل سامنے آیا کہ اس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک دستاویز شیئر کی گئی۔
یہ اس معاہدے کی کاپی لگ رہی ہے جو ایمبسیڈر بننے کے وقت کمپنی نے اداکارہ کے ساتھ کیا تھا۔ اس میں شرائط کا ذکر ہے تاہم ان کو بلَر کیا گیا گیا ہے جبکہ اس کے اوپر ’کانفیڈنشل‘ کی مہر بھی لگی ہوئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی کمپنی کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ ’ہائے انوشکار شرما، ہم جلد آپ سے رابطہ کریں گے۔ کیا ہمیں معاملے کو آگے لے جانا چاہیے، اور اس کے بعد کیا ہو گا؟‘
انوشکا شرما نے کمپنی کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اس بارے میں فیصلہ کروں گی۔‘