Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر تعینات کر دیا گیا

شاہد آفریدی نے بغیر کسی خوف کے اپنی تمام کرکٹ کھیلی ہے: نجم سیٹھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ بورڈ کی مینجمینٹ کمیٹی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد آفریدی کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا عبوری چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں سابق کرکٹرز عبدالرزاق اور راؤ افتخار انجم شامل ہیں جبکہ ہارون رشید کنوینر ہوں گے۔ 
پی سی بی مینجمینٹ کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی کا کہا ہے کہ ’میں عبوری سلیکشن کمیٹی کو خوش آمدید کہتا ہوں اور کوئی شک نہیں کہ وقت کی کمی کے باوجود وہ دلیرانہ فیصلے کریں گے جس سے ہمیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ایک مضبوط اور مسابقتی ٹیم بنانے میں مدد ملے گی۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ ’شاہد آفریدی ایک جارحانہ کرکٹر رہے ہیں جنہوں بغیر کسی خوف کے اپنی تمام کرکٹ کھیلی ہے۔ انہیں کرکٹ کا بیس سالہ تجربہ ہے، تمام فارمیٹس میں کامیابی حاصل کر چکے اور اس سے زیادہ اہم یہ کہ انہوں نے ہمیشہ نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی ہ۔ چنانچہ ہمارا مشترکہ خیال ہے کہ کرکٹ کی جدید دور  کی سختیاں، چیلنجز اور توقعات ان سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا۔‘ 
پی سی بی کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ’مجھے فخر ہے کہ پی سی بی کی مینجمینٹ کمیٹی نے مجھے یہ ذمہ داری سونپی ہے اور میں اس کو نبھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔‘ 

شیئر: