مغرب روس کو ’تقسیم کرنے‘ کی کوشش کر رہا ہے: صدر پوتن کا الزام
مغرب روس کو ’تقسیم کرنے‘ کی کوشش کر رہا ہے: صدر پوتن کا الزام
اتوار 25 دسمبر 2022 15:59
صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ یوکرین پر حملے کا مقصد ’روسی عوام کو متحد کرنا‘ ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے الزام لگایا ہے کہ مغرب روس کو ’تقسیم کرنے‘ کی کوشش کر رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یوکرین پر حملے کا مقصد ’روسی عوام کو متحد کرنا‘ ہے۔
اسی اثنا میں جنوبی یوکرین پر شدید گولہ باری کے ایک روز بعد دارالحکومت کیف کے رہائشیوں نے اتوار کو کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا۔
دوسری جانب روس کے روحانی رہنماؤں نے 7 جنوری کو کرسمس منانے کا اعلان کیا تھا۔
صدر پوتن نے کیف کی خودمختاری کو نظرانداز کرتے ہوئے اور یوکرین مپر حملے کو جواز فراہم کرنے کے لیے ’تاریخی روس‘ کے تصور کو دلیل یہ دینے کے لیے استعمال کیا کہ یوکرینی اور روسی ایک ہی لوگ ہیں۔
اتوار کے روز نشر کیے گئے ایک انٹرویو میں ولایمیر پوتن نے مزید کہا کہ روس کے ’جغرافیائی سیاسی مخالفین، تاریخی روس کو توڑنا چاہتے ہیں۔‘
’تقسیم کرو اور فتح کرو، یہ وہی ہے جسے وہ ہمیشہ پُورا کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور اب بھی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
روسی صدر نے بتایا کہ ’تاہم ہمارا مقصد مختلف ہے، ہمارا مقصد روسی عوام کو متحد کرنا ہے۔‘
پوتن نے کہا کہ ہماری حکومت ’درست سمت میں کام کر رہی ہے۔۔۔ اپنے قومی مفادات، اپنے شہریوں اور اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔‘
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے انٹرویو کے دوران نے ایک بار پھر کہا کہ ’ماسکو یوکرین کے معاملے پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔‘
یوکرین کو امریکی نئے فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’یقیناً ہم اسے تباہ کر دیں گے، سو فیصد۔‘
یاد رہے کہ روس نے رواں برس 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا۔ اس طرح یوکرین کے ساتھ اس کی جنگ کو 10 ماہ ہوچکے ہیں۔