Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی تیل عطیے کی دوسری کھیپ یمن کی شہر المھرہ پہنچ گئی

ڈیزل کی امدادی کھیپ سے یمن میں 224 ترقیاتی منصوبوں کو تقویت ملے گی۔ فوٹو عرب نیوز
یمن کے لیےسعودی ترقیات و تعمیر نو کے پروگرام کی جانب سے گزشتہ روز ہفتے کو اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے  تیل کے عطیے کی دوسری کھیپ یمن  کے ساحلی علاقے المھرہ پہنچا دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایک رپورٹ میں بتایا  گیا ہے کہ تیل کی دوسری امدادی کھیپ میں 44 لاکھ 91 ہزار لیٹر ڈیزل شامل ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت کے تحت مملکت کی جانب سے یہ امداد یمنی عوام کے لیے عطیے کے طورپر دی گئی ہے۔
سعودی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈیزل کی اس کھیپ کی مدد سے یمن میں 70 سے زیادہ پاور پلانٹس چلانے میں مدد ملے گی۔
یمنی عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے مملکت کی جانب سے دی جانے والی 422 ملین ڈالر کی سابقہ گرانٹ نے یمن کی معیشت کو مستحکم کرنے اور ملک کے مجموعی بجٹ کو تقویت پہنچانے میں مدد کی ہے۔
مملکت کی جانب سے اس امدادی پیکج نے  یمن میں معاشی استحکام، یمنی حکومت کے بجٹ کو مضبوط بنانے، شہریوں کی قوت خرید میں اضافہ کرنے، سیکیورٹی کی صورتحال اور سروس سیکٹر کو بہتر بنانے اور پاور سٹیشنوں کے یومیہ کام کے اوسط اوقات میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

  یمن کو44 لاکھ لیٹر سے زائد ڈیزل امدادی طور پر دیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی ترقیات و تعمیر نو  پروگرام برائے یمن کی جانب سے  فراہم کردہ  ڈیزل کی پہلی کھیپ نے پیداواری صلاحیت کو دوگنا کرنے اور پاورسٹیشنوں کے آپریٹنگ ادوار میں اضافے کے باعث3119 گیگا واٹ فی  گھنٹے کے ہدف تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یمن میں بجلی گھروں کی ضروریات کے مطابق ڈیزل کی سپلائی سے گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بجلی کی فروخت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ کے مقابلے میں مجموعی پیداوارمیں41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مزید برآں ڈیزل کی پہلی کھیپ  کی مدد سے جنرل الیکٹرسٹی کارپوریشن کے سات لاکھ 60 ہزار صارفین کو بجلی فراہم کی گئی جو کہ اوسطاً 37 کلو واٹ کے حساب سے ہے جس سے 98 لاکھ شہریوں کو فائدہ حاصل ہوا ہے۔

یمن میں ترقیاتی پروگرام اور سرکاری اداروں کی صلاحیت کار بڑھے گی۔ فوٹو عرب نیوز

واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی تیل کی حالیہ کھیپ سے 70 بجلی گھرچلانے میں مدد ملے گی۔
اس کے باعث یمن میں موجود ہسپتالوں، طبی مراکز ، سڑکوں، سکولوں، سرکاری اداروں، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔
یہ امدادی پیکج  تجارتی اور اقتصادی نقل و حرکت میں بھی اضافہ کرے گاجو یمن میں زندگی کے تمام پہلوؤں کو بہتر بنانے میں معاون  ثات ہو گا۔

ڈیزل کی پہلی کھیپ سے 98 لاکھ شہریوں کوبجلی سہولیات حاصل ہوئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی ترقیات و تعمیرنوپروگرام برائے یمن کی جانب سے فراہم کردہ ڈیزل کی مدد سے یمن میں 224 ترقیاتی منصوبوں کو تقویت ملے گی جن میں تعلیم، صحت، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت اور ماہی گیری سے متعلقہ سات اہم شعبے شامل ہیں جو شہریوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
اس کا مقصد دیگر ترقیاتی پروگراموں میں مدد کرنے کے علاوہ سرکاری اداروں کی صلاحیت کار بڑھانا بھی ہے۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: