طائف میں پبلک ٹرانسپورٹ کےلیے 100 ملین ریال کے دو معاہدے
ساپٹکو پانچ برس تک طائف شہر میں بس سروس فراہم کرے گی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شہرطائف میں پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق 100 ملین ریال کی لاگت سے دو معاہدے کیے گئے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق طائف میونسپلٹی کے میئر انجینیئر یوسف الصایغ کی سرپرستی اور کمشنر شہزادہ سعود بن نھار، پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے قائم مقام سربراہ ڈاکٹر رمیح الرمیح کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
پہلے معاہدے کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ سعودی کمپنی (ساپٹکو) پانچ برس تک طائف شہر میں بس سروس فراہم کرے گی۔
دوسرے معاہدے کے تحت صرح المنامہ کمپنی کے ساتھ طائف میں بس سروس کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔ اس معاہدے کا دورانیہ 360 دن مقرر کیا گیا ہے۔
طائف میں پبلک ٹرانسپورٹ بس پروجیکٹ سے سالانہ 20 لاکھ سے زیادہ افراد کو سفر کی سہولت مہیا ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی بسیں 9 بڑے روٹس پر چلائی جائیں گی۔
کمشنری کے اہم مقامات کو بس سروس سے مربوط کیا جائے گا۔ 58 بسیں روزانہ 18 گھنٹے سروس فراہم کریں گی اور182 سٹینڈز پر رکیں گی۔