مصنوعات میں دھوکہ دہی سنگین جرم، قید اور دس لاکھ ریال تک جرمانہ: سعودی پبلک پراسیکیوشن
سنگین جرائم کے ارتکاب پر گرفتاری کی جاتی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مصنوعات میں دھوکہ دہی سنگین جرم ہے۔ اس کی سزا تین سال تک قید اور دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہے۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں کہا کہ ’جعلی سامان کے دائرے میں وہ تمام مصنوعات آتی ہیں جن کی قدرو قیمت جعلسازی کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے‘۔
’وزن، تعداد، معیار اور شکل و صورت کسی بھی طرح سے کسی بھی سامان میں کی جانے والی تبدیلی دھوکہ دہی کے دائرے میں آتی ہے۔‘
پبلک پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ’ ملاوٹی، تبدیل شدہ سامان یا معیار و مقدار میں کمی بیشی سے متاثرہ سامان انسانوں اور جانوروں کی صحت کے لیے مضر ہوتا ہے۔ قانون کی نظر میں یہ کام قابل سزا ہے۔ یہ سنگین جرائم میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے ارتکاب پر گرفتاری کی جاتی ہے‘۔