Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ کا چوتھا دن: پاکستان کے دوسری اننگز میں دو وکٹوں پر 77 رنز

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 60 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں: فوٹو اے ایف پی
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے ہیں۔ 
نیوزی لینڈ  نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 612 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز ایک بار پھر زیادہ اچھا نہیں رہا اور 71 پر اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ 
دن کے اختتام پر امام الحق 45 اور نعمان علی 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ آؤٹ ہونے والوں میں عبداللہ شفیق نے 17 جبکہ شان مسعود نے 10 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو مہمان ٹیم پر 97 رنز کی برتری حاصل تھی۔

عبداللہ شفیق دوسری اننگز میں بھی جلد آؤٹ ہو گئے: فوٹو اے ایف پی

جمعرات کو نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 440 رنز پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آعاز کیا اور پاکستان پر 174 رنز کی برتری حاصل  کرنے کے بعد اننگز  ڈکلیئر کر دی تھی۔ 
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات کین ولیمسن کی ڈبل سنیچری تھی جو انھوں نے 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 5، نعمان علی نے تین اور محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بدھ کو کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کو مہمان ٹیم کے خلاف پہلی کامیابی اس وقت ملی جب نعمان علی نے ڈیون کونوے کو 92 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے سنیچری سکور کی اور 113 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ہنری نکولس اور کین ولیمسن کے درمیان 41 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد نعمان علی نے ایک بار پھر گرین شرٹس کو بریک تھرو دلایا اور ہنری کو بولڈ کر دیا۔
چوتھے نمبر پر آنے والے ڈیرل مچل نے کین ولیمسن کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 65 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ تاہم مچل بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 42 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستان کا نوآموز بولنگ اٹیک کیوی بلے بازوں کو دباؤ میں لانے میں ناکام رہا اور مسلسل شراکت داریوں نے سکور کو رکنے نہ دیا۔
کین ولیمسن نے ایک اینڈ کو سنبھالے رکھا جبکہ وکٹ کیپر بلے باز ٹام بلینڈل کے ساتھ بھی 90 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ لیکن ٹام بھی بدقسمت رہے اور 47 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس دوران کین ولیمسن نے 206 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے اپنی شاندار سنیچری مکمل کی۔
نیوزی لینڈ کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مائیکل بریسویل تھے۔ انہیں چھ رنز پر ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی ساری ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں اور سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ان دونوں کے علاوہ کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی پلیئنگ 11 میں ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکلز، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساؤتھی، اش سودھی نیل ویگنر اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لیںڈ کے درمیان اب تک 60 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جس میں 25 میچز میں پاکستان جبکہ 14 میچز میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کی اور 21 میچ ڈرا ہوئے۔

شیئر: