Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عبوری سلیکشن کمیٹی اور میرے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے: بابر اعظم

کیوی کپتان ٹِم ساؤتھی نے کہا کہ ’ٹاس ہارنے کے بعد میچ جیتنے کا موقع ملنا اچھا تھا لیکن تیسری اننگز کے آخر میں پاکستان اچھا کھیلا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو گیا ہے۔
جمعے کو میچ کے پانچویں دن اس وقت دلسچپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے 137 کی برتری پر اننگز ڈیکلیئر کر دی جس کے بعد نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 16 اوورز میں 138 رنز کا ہدف ملا، تاہم خراب روشنی کے باعث میچ ڈرا ہو گیا۔
میچ کے بعد بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں جلد اننگز ڈکلیئر کرنے کے بارے میں کہا کہ ’دیکھیں شروع میں یہی کہا تھا کہ ہم نتیجے کے طرف جائیں گے، ہم چانس لے سکتے ہیں اور ہم نے چانس لیا۔ میرے خیال سے جس طرح محمد وسیم اور سعود شکیل نے پارٹنرشپ لگائی، اس کے بعد میرے ذہن میں آیا کہ ہم ڈکلیئر کر سکتے ہیں۔ سب حیران ہوں گے، آپ سب نے بھی انجوائے کیا ہو گا۔‘
ایک صحافی نے عبوری سلیکشن کمیٹی اور بابر اعظم کے درمیان ممکنہ اختلافات کی افواہوں کے بارے میں پوچھا، تو جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ایسا کچھ بھی نہیں، ہم ابھی میچ پر توجہ دے رہے ہیں، میری توجہ میچ پر ہے، جو بھی فیصلہ ہوتا ہے اس پر بات ہوتی ہے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ ’جس طرح ہم نے پہلی اننگز میں تین آؤٹ ہونے کے بعد کم بیک کیا تو یہ ہماری قوت ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

ٹیسٹ میچ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کی وکٹوں کے پیچھے خراب کارکردگی کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ’جب آپ چار سال بعد میچ کھیلتے ہیں تو مشکل ہوتا ہے، دباؤ ہوتا ہے، اتنی دیر بعد آنا اور جب آپ کم بیک کرتے ہیں تو شروع سے کھیلنے کا دباؤ ہوتا ہے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد ٹیم پر پڑنے والے اثرات کے الزام کو رد کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ’کوشش کرتے ہیں جو بھی چل رہا ہے، وہ ٹیم میں نہ لائیں۔ باہر کی چیزوں کو اندر نہیں لا رہے، باہر کا سوچیں گے تو اندر ہماری کارکردگی نیچے جائے گی۔ ہمارے ہاتھ میں اندر کارکردگی دکھانا ہے۔‘
ٹیم کی بیٹنگ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’جس طرح ہم نے پہلی اننگز میں تین آؤٹ ہونے کے بعد کم بیک کیا تو یہ ہماری قوت ہے، یہاں پر سلمان علی آغا کو بھی داد دینی چاہیے۔ دوسری اننگز میں امام الحق، سعود شکیل، سرفراز احمد سمیت بیٹنگ لائن اپ نے مجموعی طور پر اچھا پرفارم کیا ہے۔‘

ٹِم ساؤتھی نے کہا ’اِش سوڈھی نے شاندار کم بیک کیا ہے جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب کیوی کپتان ٹِم ساؤتھی نے میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹاس ہارنے کے بعد میچ جیتنے کا موقع ملنا اچھا تھا لیکن تیسری اننگز کے آخر میں پاکستان اچھا کھیلا، ان کی کچھ اننگز نے انہیں میچ بچا دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اِش سوڈھی نے شاندار کم بیک کیا ہے جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔ کین ولیمسن نے اپنی قابلیت دکھائی اور بتایا کہ وہ ایسی کنڈیشنز میں کھیلنے کے کتنے قابل ہیں۔‘

شیئر: