عمران خان نے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے امریکہ میں حسین حقانی کو لابنگ فرم کے ذریعے ہائر کیا جنہوں نے امریکہ میں میرے مخالف لابنگ کی۔ مجھے علم تھا نہ ہی وزارت خارجہ کو حسین حقانی کی ہائرنگ کا علم تھا۔‘
سابق آرمی چیف سے آخری ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے مجھے کہا کہ اپ کے لوگوں کی فائلیں موجود ہیں، آڈیوز موجود ہیں۔ مجھے جنرل باجوہ نے کہا کہ آپ بھی پلے بوائے رہے ہیں اور میں نے کہا ہاں میں رہا ہوں تو؟‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اس بات پر جنرل باجوہ سے پوچھا کہ کیا آئی ایس آئی کا اب یہ کام رہ گیا ہے؟ ان کے پاس میرے خلاف کوئی کرپشن کے ثبوت نہیں تو بشریٰ بی بی کے خلاف باتیں پھیلائی گئیں۔‘
’جنرل باجوہ پیٹھ میں چُھرا مار رہے تھے اور ہمدردی بھی کر رہے تھے۔ جنرل باجوہ احتساب نہیں کرنا چاہتے تھے اس لیے تعلقات خراب ہوئے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’بشری بی بی کے خلاف ایک تأثر بنایا گیا کہ وہ کوئی جادو کرتی ہیں، یہ سب باتیں اپوزیشن کو فیڈ کی جاتی تھیں اور اپوزیشن کو کون لوگ فیڈ کرتے ہیں، وہ سب کو پتا ہے۔ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک مہم چلائی گئی۔‘
’چیف الیکشن کمشنر کے پیچھے 100 فیصد جنرل باجوہ کا ہاتھ تھا‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’چیف الیکشن کمشنر کے پیچھے 100 فیصد جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا ہاتھ تھا۔‘
’چیف الیکشن کمشنر وہی کرتا تھا جو جنرل باجوہ کہتے تھے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معاملہ بھی جنرل باجوہ کنٹرول کر رہے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، میں نے کبھی چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ کے بارے گفتگو نہیں کی۔‘
ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ ’وزیر داخلہ رانا ثنااللہ بیوقوف شخص ہیں، وہ طالبان سے متعلق بیانات سے ملکی ساکھ خراب کر رہے ہیں۔‘
’طالبان سے بیٹھ کر مذاکرات ہونے چاہییں، میں ہمیشہ سے فوجی آپریشنز کے خلاف رہا ہوں۔‘
چودھری نثار سے متعلق ایک سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میرا کافی عرصے سے ان کے ساتھ رابطہ نہیں ہوا۔‘
’گذشتہ ہفتے چودھری نثار کے سیاسی اجتماع کا جان کر اچھا لگا۔‘
’نجم سیٹھی کو کرکٹ کی الف ب تک معلوم نہیں‘
پاکستان کرکٹ بورڈ میں نئی تعیناتیوں کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’رمیز راجا ایک پڑھا لکھا آدمی ہے، کرکٹ کو سمجھتا ہے نجم سیٹھی کو کیا پتا؟ انہیں تو کرکٹ کی الف ب تک معلوم نہیں۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’رمیز راجا کے دور میں پاکستانی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی۔ رمیز راجا نے پیسے بچائے اور یہ لٹا رہے ہیں۔‘
’ نجم سیٹھی کو لانے کے لیے پی سی بی کا آئین تبدیل کر دیا گیا۔ بدقسمتی سے اُن کی وجہ سے پہلے بھی کرکٹ تباہ ہوئی اب بھی ہو گی۔‘