کیا ’خودکشی‘ کرنے والی تونیشا شرما کو حجاب پہننے پر مجبور کیا گیا؟
اداکارہ کی والدہ کی جانب سے الزام لگایا تھا کہ شیزان کی فیملی تونیشا کو اسلام قبول کرنے پر مجبور کر رہی تھی (فوٹو: انڈیا ٹائمز)
انڈین اداکارہ تونشیا شرما کی مبینہ خود کشی کے بعد کیس میں مزید پیش رفت ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق تونیشا شرما کو خود کشی پر اکسانے کے الزام میں گرفتار ہونے والے ساتھی اداکار اور ان کے سابق دوست شیزان خان کی بہنوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تونیشا کی والدہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو رد کر دیا ہے۔
شیزان خان کی والدہ اور بہنوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی پر تونیشا کی والدہ کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، وہ ان کی فیملی کی طرح تھیں۔
اداکار شیزان خان کے گھر والوں نے تونیشا شرما کی والدہ پر الزام لگایا کہ وہ اپنی بیٹی کو کام کرنے پر مجبور کرتی تھیں جبکہ تونیشا زندگی کو انجوائے کرنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے کبھی کسی کو مجبور نہیں کیا کہ وہ ہماری مرضی کے تحت کچھ کرے، تونیشا کی والدہ جو الزامات لگا رہی ہیں ان کا ثبوت دیں، ہم بھی تونیشا کی موت کا انصاف چاہتے ہیں، لیکن ان کی والدہ من گھڑت الزامات لگا کر شیزان کو کیس میں شامل کر رہی ہیں۔‘
شیزان خان کی بہن فلک ناز نے انکشاف کیا کہ ’ہم 4 جنوری کو تونیشا شرما کی سالگرہ پر اُسے سرپرائز دینے کا سوچ رہے تھے، اس کی والدہ کو بھی علم تھا کہ وہ ہماری چھوٹی بہنوں جیسی ہے، ہم نے تونیشا کے ساتھ چھ ماہ گزارے جس میں وہ بہت لطف اندوز ہوئی۔‘
اس سے قبل اداکارہ کی والدہ کی جانب سے شیزان خان پر الزامات لگائے گئے تھے کہ ان کی فیملی تونیشا کو اسلام قبول کرنے پر مجبور کر رہی تھی، جبکہ شیزان خان نشے کی لت میں ملوث تھا اور تونیشا کو دھوکہ دے رہا تھا۔
تونیشا شرما کو حجاب پہننے اور درگاہ جانے پر مجبور کرنے کے الزامات پر فلک ناز کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اسے کبھی ایسا کرنے کا نہیں کہا۔‘
سوشل میڈیا پر تونیشا شرما کی حجاب پہنے ایک وائرل تصویر پر شیزان خان کی دوسری بہن نے کہا کہ تونیشا نے حجاب ڈرامے کی شوٹنگ کے لی پہنا تھا۔
پولیس نے تونیشا شرما اور شیزان خان کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کی ویڈیو برآمد کی تھی جس کے بعد عدالت نے شیزان کو پولیس کی تحویل میں دے دیا تھا۔
خیال رہے کہ 24 دسمبر کو تونیشا شرما نے نجی ٹی وی چینل کے شو علی بابا داستانِ کابل کے سیٹ پر مبینہ طور پر خود کشی کر لی تھی۔