تونیشا شرما کو مبینہ طور پر خُودکشی پر اُکسانے والا اداکار گرفتار
اتوار 25 دسمبر 2022 15:16
تونیشا شرما نے سنیچر کو ٹیلی ویژن شو کے سیٹ پر خود کشی کر لی تھی (فائل فوٹو: زی نیوز)
انڈین اداکارہ اور بالی وُڈ فلم ’فتُور‘ میں کردار ادا کرنے والی تونیشا شرما کی خود کشی کے بعد ان کے کیس میں ایک بڑی پیش رفت دیکھنے میں آرہی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق حکام نے بتایا کہ ’خودکشی کرنے والی اداکارہ تونیشا شرما کا پوسٹ مارٹم صبح ساڑھے چار بجے تک جاری رہا جس میں چار سے پانچ پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’انہیں یہ اطلاع ملی کہ چائے کے وقفے کے بعد اداکارہ بیت الخلا گئیں اور جب وہ واپس نہیں آئیں تو پولیس نے دروازہ توڑا اور دیکھا کہ اداکارہ نے اپنے آپ کو پھندے سے لٹکایا ہوا ہے۔‘
اسی سلسلے میں پولیس نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے تونیشا شرما کے ساتھ کام کرنے والے اداکار شیزان خان کو تونیشا کو خودکشی پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
والیو پولیس نے اتوار کے روز بتایا کہ ’ملزم کو انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 306 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ انہیں پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔‘
پولیس نے مزید کہا کہ ’وہ اداکارہ کی موت کے بارے میں قتل اور خودکشی دونوں زاویوں سے تفتیش کریں گے‘ جبکہ ٹی وی سیٹ پر موجود افراد کا کہنا ہے کہ ’تونیشا کی موت خودکشی کے باعث ہوئی ہے۔‘
خیال رہے کہ تونیشا شرما نے سنیچر کے روز ٹیلی ویژن شو کے سیٹ پر خود کشی کر لی تھی۔
تونیشا شرما نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی شو ’بھارت کا ویر پترا‘ میں اداکاری سے کیا تھا۔
اس کے بعد سے وہ متعدد شوز جیسے کہ ’چاکرا ورتن اشوکا‘، ’گبر پونچ والا‘، ’شیر پنجاب‘ اور ’مہاراجا رنجیت سنگھ‘ کے علاوہ دیگر ڈراموں میں مختلف کردار ادا کر چکی ہیں۔
اس کے علاوہ 20 سالہ اداکارہ نے بالی وڈ فلموں میں بھی مختصر کردار ادا کیے، فلم ’فتُور‘ اور ’بار بار دیکھو‘ میں وہ کم عمر کترینہ کیف کے رُوپ میں نظر آئیں۔
اس کے علاوہ وہ سلمان خان کی فلم ’دبنگ تھری‘ میں بھی کردار ادا کر چکی ہیں۔