Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: میٹ ہینری، اعجاز پٹیل کہیں راہول ڈراوڈ اور لکشمن تو نہیں؟

میٹ ہینری 81 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ کے بولرز میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل نے آخری وکٹ کی شراکت میں 104 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ 345 رنز پر گر گئی تھی او ایسا لگ رہا تھا کہ جلد ہی 10 ویں وکٹ بھی گر جائے گی اور پاکستانی بیٹرز پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نظر آئیں گے تاہم ایسا نہیں ہوا اور فاسٹ بولر میٹ ہینری نے نصف سینچری سکور کردی جبکہ اعجاز پٹیل نے بھی 78 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔
میٹ ہینری 81 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کے دونوں بولرز کے نام اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین نہ صرف اس وقت نیوزی لینڈ کے دونوں ٹیل اینڈرز اور خصوصاً میٹ ہینری کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں بلکہ پاکستانی بولرز بھی ان کے مذاق کا نشانہ بن رہے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل کے نام لکھ کر انڈیا کے دو سابق لیجنڈ کرکٹرز راہول ڈراوڈ اور وی وی ایس لکشمن کی تصویر شیئر کی جس کا مقصد شاید نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی تعریف کرنے سے زیادہ پاکستانی بولرز کا مذاق بنانا تھا۔
اویس فیاض نے میٹ ہینری کا موازنہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر سٹیورٹ بروڈ سے کیا جو کہ لوئر آرڈر میں اچھی بیٹنگ بھی کرتے ہیں۔ ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’میٹ ہینری نئے سٹیورٹ بروڈ ہیں۔‘
صرف یہی نہیں بلکہ ایک سوشل میڈیا صارف کو پاکستان کی بولنگ دیکھ کر انڈین فلم ’ویکلم‘ کے کردار انیل کپور اور نانا پاٹیکر بھی یاد آ گئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے چار، نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ اور حسن علی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

شیئر: