Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرینی بحران کے سیاسی حل کےلیے عالمی کوششوں کی حمایت کا اعادہ: سعودی کابینہ

کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ’روس، یوکرین بحران کے سیاسی حل سےعلاقائی و عالمی امن و استحکام کو تحفظ حاصل ہوگا۔ اس مقصد کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔
کابینہ نے برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب اور برادر و دوست ملکوں کے درمیان تعاون مضبوط  اور باہمی تعلقات عروج کی نئی منزلوں کی جانب آگے بڑھیں گے‘۔ 
سعودی کابینہ نے اجلاس میں گیارہ فیصلوں کیے گئے۔ عرب ممالک کے ساتھ ٹرانسپورٹ کو ریگولیٹ کرنے والے ترمیم شدہ ٹرانزٹ معاہدے کی منظوری دی گئی۔
وزیر مملکت و رکن کابینہ و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام سعید نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ کابینہ نے خطے سمیت دنیا بھر میں رونما ہونے والے حالات اور متعدد امور کا جائزہ لیا ہے‘۔ 
 کابینہ نے وزیر سپورٹس کو مالدیپ کے ساتھ  سپورٹس کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا ہے۔ 
 ڈیجیٹل کوآپریٹو آرگنائزیشن کے ساتھ سعودی عرب میں ہیڈکوارٹر کے حوالے سے معاہدے نیز نیپال کے ساتھ تعاون کے جنرل معاہدے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے وزیر ثقافت کو اٹلی کے ساتھ روایتی آرٹس کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات اور دستخط، وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ساتھ ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت اور وزیر افرادی قوت و سماجی  بہبود کو خلیجی تعاون کونسل جنرل سیکریٹریٹ کے ساتھ انتظامی امور کی ٹریننگ کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے۔ 
سنگاپور کے ساتھ  کاپی رائٹ کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ نے نیشنل واٹر کمپنی کے میثاق کی دفعہ 15 کی  شق الف میں ترمیم کرکے مجلس انتظامیہ کے ارکان کی تعداد دس کردی جبکہ سعودی ہلال احمر کے سال گزشتہ کے آڈٹ کی منظوری دی۔

شیئر: