Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کے اجلاس میں انرجی سپلائی نظام سمیت اہم فیصلوں کی منظوری 

اجلاس میں مملکت کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی (فوٹو ایس پی اے) 
سعودی کابینہ نے انرجی سپلائی نظام کی منظوری دی ہے۔ سعودی، تھائی رابطہ کونسل کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی توثیق کی گئی۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔
کابینہ نے کمپیٹیشن جنرل اتھارٹی کے سابقہ نظام میں ترمیم کی ہے جس کے تحت اتھارٹی کی تمام آمدنی سعودی سینٹرل بینک  میں وزارت خِزانہ کے کرنٹ اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ 
اجلاس نے جی سی سی ممالک کے مشترکہ کسٹم قانون کی  دفعہ 61 میں بھی ترمیم کی بھی منظوری دی ہے۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد واس کو بتایا کہ’ کابینہ کو سعودی ولی عہد اور جارجیا کے وزیراعظم کے درمیان مذاکرات سے آگاہ کیا گیا‘۔
کابینہ میں گزشتہ دنوں مملکت کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ 
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’برادر اوردوست ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور بین الاقوامی جدوجہد کے فروغ میں حصہ لیتے رہنے کےحوالے سے کام کیا گیا۔ خطے اور اس کے عوام کے بہتر مستقبل کی تشکیل اور ترقی و خوشحالی کے حوالے سےمعاون امور کو آگے بڑھایا گیا‘۔
ماجدالقصبی نے بتایا کہ کابینہ نے بغداد کانفرنس میں عراق کے حوالے سے پیش کیےجانے والے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ’ سعودی عرب عراق کے امن و استحکام، خودمختاری کے تحفظ اور ترقیاتی مشن کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں عراق کے ساتھ ہے‘۔
’سعودی عرب چاہتا ہے کہ عراق اپنا تاریخی مقام حاصل کرے اور نئے مرحلے میں قومی مفاد کو ہر مفاد سے اوپر رکھے‘۔
سعودی کابینہ نے اوآئی سی کے رکن ممالک کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ بدعنوانوں کو محفوظ پناہ گاہ کے حصول سے روکنے،  انسداد بدعنوانی کے لیے مکہ معاہدہ مستقبل میں بہتر نتائج کا باعث بنے گا۔‘ 
کابینہ نے متعدد فیصلے کیے۔ جمہوریہ ھیلینیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت اور کھیلوں کے شعبے میں برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی۔ 
کابینہ نے وزیر صحت کو کیوبا کے ساتھ صحت شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ عمانی خبررساں ادارے اور ایس پی اے کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ 
تیونس کے ساتھ تجدد پذیر توانائی، انرجی ایفیشنسی اور کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت، جہاز رانی کے سلسلے میں جیبوتی کے ساتھ تعاون کے معاہدے اور فضائی خدمات کے شعبے میں جمہوریہ چیک کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی گئی۔
جمہوریہ قمر کے ساتھ دہشتگردی اور اس کی فنڈنگ کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔

شیئر: