Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برف باری مذاق نہیں،‘ امریکی اداکار ’موسمی حادثے‘ میں شدید زخمی

جیریمی رینز کیریئر میں دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیے جا چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: جیریمی رینر/انسٹاگرام)
امریکی اداکار جیریمی رینر نیواڈا میں راستے سے برف ہٹاتے وقت شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
متعدد امریکی میڈیا آؤٹ لیٹس کے مطابق ’اوینجرز‘ سیریز میں ’ہاک آئی‘ کا کردار ادا کرنے والے 51 سالہ اداکار سنیچر یا اتوار کو حادثے کا شکار ہوئے۔
جیریمی رینر کے ایک ترجمان نے ’ہالی وُڈ رپورٹر‘ کو بتایا کہ ’ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ جیریمی برف ہٹاتے ہوئے ایک موسمی حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’جیریمی رینر کا خاندان ان کے ساتھ ہے اور ان کی اچھی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘
امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد اداکار کو جہاز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
خیال رہے امریکی کے جنوبی علاقوں پچھلے ماہ شدید برف باری کی لپیٹ میں رہے ہیں جس کی وجہ سے درجنوں افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔
اداکار جیریمی رینر امریکی ریاست نیواڈا میں تاؤو جھیل کے کنارے پہاڑوں کے قریب اپنے گھر میں مقیم تھے۔
تقریباً تین ہفتے قبل جیریمی رینر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کی گاڑی کو برف میں دبا دیکھا جاسکتا تھا۔ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے مذاقاً لکھا تھا کہ ’جھیل تاؤو میں برف باری مذاق نہیں۔‘
امریکی اداکار اس سے قبل انسٹاگرام پر بھی اپنے علاقے کی ایک ویڈیو شیئر کر چکے ہیں جہاں وہ اپنی جیپ چلا رہے تھے۔
جیریمی رینر اپنے کیریئر میں اپنی دو فلموں ’دا ہرٹ لوکر‘ اور ’دا ٹاؤن‘ میں بہترین اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیے جا چکے ہیں۔
’ایوینجرز‘ میں ان کا کردار ’ہاک آئی‘ دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے اور اس کے علاوہ وہ ٹام کروز کی ’مشن امپاسیبل‘ میں بھی کئی بار مرکزی کرداروں میں نظر آئے ہیں۔

شیئر: