سعودی کرنسی ’ریال‘ کے سرکاری ’لوگو‘ کی منظوری دے دی گئی
سعودی کرنسی ’ریال‘ کے سرکاری ’لوگو‘ کی منظوری دے دی گئی
جمعرات 20 فروری 2025 16:21
نیا علامتی نشان سعودی عرب کی مالی شناخت کو عالمی سطح پر تقویت دے گا۔ فوٹو عرب نیوز
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کے مالیاتی سفر کے نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے جمعرات کے روز سعودی ریال کی سرکاری علامت کی منظوری دے دی۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی واس کے مطابق سعودی مرکزی بینک ’ساما‘ کے گورنر ایمن السیاری نے نئی علامت ’لوگو‘ کے اجراء پر قومی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس موقع پر مرکزی بینک کے گورنر نے کہا ہے ’ یہ اقدام مقامی اور عالمی سطح پر سعودی عرب کی مالی شناخت کو تقویت دے کر مزید مستحکم کرے گا۔‘
ایمن السیاری نے مزید کہا نیا ڈیزائن مملکت کے بھرپور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے، اس اقدام سے سعودی ریال کے بین الاقوامی اثر و رسوخ میں وسعت آئے گی اور قومی فخر اور ثقافتی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔
سعودی ریال کی اس علامت کو عربی خطاطی اور قومی کرنسی ’ریال‘ کے نام کو خاص انداز سے لکھ کر تیار کیا گیا ہے، مملکت کے اندر اور بین الاقوامی مالی و تجارتی لین دین میں اس علامت کو استعمال کیا جائے گا۔
علامت پر عربی خطاطی میں قومی کرنسی ’ریال‘ خاص انداز سے لکھا گیا ہے۔ فوٹو ایکس
مرکزی بینک ’ساما‘ کے گورنر نے اس منصوبے میں حصہ لینے والے تمام اداروں، وزارت ثقافت، وزارت اطلاعات اور سعودی سٹینڈرڈز، میٹرولوجی اور کوالٹی آرگنائزیشن کی مشترکہ کاوشوں کی تعریف کی ہے۔