Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تائیوان: شپنگ کمپنی کے ملازمین کے لیے چار برس کی تنخواہ بطور بونس

کمپنی کا سنہ 2022 کا ریونیو 20 ارب 70 کروڑ ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
تائیوان کی شپنگ کمپنی ایورگرین میرین کارپوریشن کے لیے گزشتہ برس نہائیت شاندار رہا ہے اور اس کا پھل اس کے ملازمین کو بھی مل رہا ہے۔
عالمی معیشت کی خبروں کے امریکی ادارے بلومبرگ کے مطابق اس معاملے سے واقف ایک شخص نے بتایا ہے کہ تائی پے میں قائم شپنگ کمپنی ’50 ماہ کی تنخواہ یا اوسطاً چار برس سے زیادہ تنخواہ کے برابر سال کے آخر میں بونس دے رہی ہے۔‘
اس شخص نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’بونس کی مالیت ملازم کے نوکری کے گریڈ اور فنکشن کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے اور یہ صرف ان کے لیے ہے جن کا تائیوان میں کانٹریکٹ ہے۔‘
ایور گرین میرین نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ برس کے آخر میں بونس ہمیشہ کمپنی کی سالانہ کارکردگی اور ملازمین کی انفرادی کارکردگی پر مبنی ہوتے ہیں۔
ایور گرین میرین کی یہ فیاضی گزشتہ دو برسوں کے دوران شپنگ انڈسٹری کی بے مثال ترقی کا نتیجہ ہے۔ وبا کی وجہ سے جہاں اشیائے صرف کی مانگ میں اضافہ ہوا، وہی مال برداری کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
کمپنی کا سنہ 2022 کا ریونیو 20 ارب 70 کروڑ ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے جو سنہ 2020 کی سیلز سے تین گنا زیادہ ہے۔

شیئر: