Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج پیکیج فیس ادا کرنے کے بعد داخلی عازمین اپنے اہل خانہ کو شامل کرسکتے ہیں؟

صرف اقامہ ہولڈرز ہی کو حج کا پرمٹ حاصل کرنے کی استحقاق ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے حج بکنگ کی آخری تاریخ اور بکنگ کے حوالے سے معلومات کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔ 
اخبار  24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ’ اس سال اندرون مملکت سے حج کے امیدوار وزارت کی ای ویب سائٹ اور نسک ایپ کے ذریعے بکنگ کراسکتے ہیں۔ اس کا سلسلہ جاری ہے‘۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ ’25 جون 2023 تک حج کی بکنگ کرائی جاسکتی ہے بشرطیکہ اس سال داخلی عازمین کے لیے مقرر کوٹے میں اس کی گنجائش ہو‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ’ بکنگ کی کارروائی مکمل ہونے پر امیدوار کو موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے فوری طور پر مطلع کردیا جاتا ہے۔  وزارت حج کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے بھی بکنگ کے حوالے سے معلومات لی جا سکتی ہیں‘۔
یاد رہے کہ وزارت نے اس سال 4 حج پیکیج متعارف کرائے ہیں۔ شروعات 3984 ریال سے ہورہی ہے۔ سب سے بڑا پیکیج 11435 ریال کا ہے۔ 
وزارت نے حج امیدواروں کو حج پیکیج کی تمام رقم ایک ساتھ اور تین قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ’ پیکیج فیس ادا کرنے کے بعد عازم حج  اپنے بیوی بچوں کو شامل نہیں کراسکتا۔ سسٹم میں اس کی گنجائش نہیں ہے‘۔ 
 وزارت کا کہنا ہے کہ ’حج ویزا ہولڈر ہی حج پر جاسکتے ہیں۔ ان کے سوا کسی کو بھی حج پر جانے کی اجازت نہیں۔ اندرون مملکت سے صرف اقامہ ہولڈرز ہی کو حج کا پرمٹ حاصل کرنے کی استحقاق ہے‘۔ 
وزارت نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر توجہ دلائی ہے کہ حج امیدوار اپنی بکنگ داخلی عازمین حج ویب سائٹ کے ذریعے منسوخ کراسکتا ہے۔ 

شیئر: