Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کے لیے حج پیکیج کی ادائیگی قسطوں میں

پہلی قسط 20 فیصد جبکہ دو 40 فیصد کی ہوں گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے عازمین کو حج پیکیج کی ادائیگی قسطوں میں کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ حج 2023 کے لیے سعودی شہری اورمقیم غیرملکی تین قسطوں میں فیس ادا کر سکیں گے۔
الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام ’نشرۃ النھار‘ میں نائب وزیرحج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندرون مملکت  سے اس سال حج کا پروگرام بنانے والے حج پیکیج کی مکمل رقم ایک ساتھ بھی ادا کرسکتے ہیں اور تین قسطوں میں بھی رقم دے سکتے ہیں۔ 
وزارت حج کا کہنا ہے کہ جو لوگ قسطوں میں حج پیکیج کی رقم ادا کرنا چاہتے ہوں انہیں مندرجہ ذیل طریقہ اپنانا ہوگا۔
 پہلی قسط بکنگ کی تاریخ سے 72 گھنٹے کے اندر ادا کرنا ہو گی۔ یہ کل پیکیج کی 20 فیصد ہو گی۔ دوسری قسط زیادہ سے زیادہ 7 رجب 1444ھ مطابق 29 جنوری تک ادا کرنا ہو گی۔ یہ قسط کل پیکیج کا 40 فیصد ہو گی۔ تیسری قسط بھی 40 فیصد ہو گی جو زیادہ سے زیادہ 10 شوال 1444ھ مطابق 30 اپریل 2023 تک ادا کرنا ہو گی۔ 
وزارت حج کا کہنا ہے کہ ہر قسط کی ادائیگی پر باضابطہ بل جاری ہو گا۔ حج کا حتمی فیصلہ مقررہ قسطیں بروقت ادا کرنے پر ہی ہو گا۔ قسطیں مکمل ادا نہ کرنے کی صورت میں بکنگ منسوخ کر دی جائے گی۔ 

حج بکنگ کے ساتھ ہی پہلی قسط ادا کرنا ہوگی (فوٹو: ایس پی اے) 

وزارت حج کا کہنا ہے کہ بکنگ کی اطلاع کے فوری بعد ادائیگی کے تمام آپشن جاری ہوں گے۔ اس کا ایک بل جاری ہو گا۔ حج پیکیج کی تمام قسطیں مقررہ وقت پر ادا کرنا ہوں گی۔ 
نائب وزیر حج نے کہا کہ اندرون مملکت سے حج کرنے والوں کا اندراج ایک بار ہو گا اور نشستیں بک ہو جانے پر اندراج کا سلسلہ روک دیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج وعمرہ نے جمعرات کو اندرون مملکت سے اس سال حج کا ارادہ کرنے والوں سے درخواستیں طلب کی تھیں۔ وزارت نے 4 ہزار سے  13 ہزار ریال تک کے پیکیج دیے ہیں۔ 

شیئر: