’اعتمرنا‘ ایپ منسوخ، اب صرف ’نسک‘ استعمال ہوگی
معاہدے کے تحت سمارٹ حاجی کارڈ اور ایپ کا منصوبہ نافذ کیا جائے گا(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’اعتمرنا‘ ایپ منسوخ کردی گئی ہے۔ اب ساری کارروائی ’نسک‘ ایپ کے ذریعے ہی ہوگی۔
الاخباریہ چینل کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج و عمرہ زائرین کے پروگراموں کو موثر بنانے کی غرض سے محکمہ اوقاف اور نسک فلاحی فاؤنڈیشن کے درمیان مشترکہ تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
زائرین کو اپنے تمام دینی کام اطمینان و سکون و سہولت و آسانی سے ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
معاہدے کے تحت سمارٹ حاجی کارڈ اور ایپ کا منصوبہ نافذ کیا جائے گا تاکہ زائرین کا سفر یادگار بن جائے۔ سمارٹ کارڈ مفت اور محفوظ ہوگا۔ زائر سے متعلق نجی کوائف، رہائش اور صحت معلومات درج ہوں گی۔
معاہدے کے تحت مشترکہ ورکنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو منصوبے پرعمل درآمد اوراس کے تقاضے پورے کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔ یہ کام مقررہ نظام الاوقات کے مطابق کیا جائے گا۔