گاڑیوں کے انشورنس پریمیئم میں اضافے کی وجوہات کیا ہیں؟
پریمیئم میں اضافے کی بڑی وجہ حادثات کا بڑھنا ہے ( فوٹو اخبار24)
سعودی عرب میں گاڑیوں کی انشورنس کے نرخ (پریمیئم) بڑھ گئے۔ انشورنس سیکٹر کے ترجمان عادل العیسی نے انشورنس کے نرخوں میں اضافے کے اسباب بیان کیے ہیں۔
اخبار24 کے مطابق عادل العیسی نے بتایا کہ’ گاڑیوں کی انشورنس کے پریمیئم میں اضافہ کئی وجوہ ہیں۔ اس کی بڑی وجہ حادثات کا بڑھنا ہے۔ دوسرا سبب گاڑیوں کے فاضل پرزوں کے نرخوں میں غیرمعمولی اضافہ ہے‘۔
ورکشاپوں اورایجنسیوں میں سروس فراہم کرنے والوں کی فیس بھی بڑھی ہے۔ ایک اور وجہ یہ ہے کہ انشورنس ہولڈر معاوضہ حاصل کرنے کے لیے فرضی ٹریفک حادثات کا دعوی بھی کرنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ’ گاڑیوں کے انشورنس پریمیئم کا تعین انشورنس کمپنیوں کے ماہرین کرتے ہیں۔ پریمیئم متعین کرنے کی پالیسی ہر کمپنی کی الگ ہے۔ بعض کمپنیاں انشورڈ گاڑیوں کی نوعیت مارکے، گاڑی کے ڈرائیور کے تجربے اور اس کے انشورنس ریکارڈ کو مدنظر رکھ کر انشورنس پریمیئم کا تعین کرتے ہیں۔‘
انشورنس سیکٹر کے ترجمان نے کہا کہ’ انشورنس پریمیئم کی نگرانی سعودی سینٹرل بینک (ساما) کررہا ہے وہ انشورنس سیکٹر کی قانون سازی بھی کرتا ہے اور وہی اس کا نگراں بھی ہے۔ ساما کی پالیسی ہے کہ انشورنس کرنے اور کرانے والوں سے انصاف ہو‘۔
عادل العیسی نے انشورنس پریمیئم میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیا کہ ’یہ کام مختلف طریقوں سے کیا جاسکتا ہے۔ انشورنس کی پابندی موثر انداز میں کرائی جائے کیونکہ سعودی عرب میں موجود پچاس فیصد گاڑیاں انشورڈ ہیں‘۔