جبیل وینبع میں صنعتی منصوبوں کےپانچ معاہدے
جمعرات 12 جنوری 2023 20:40
نئے صنعتی منصوبوں کے لیے 43 ارب ریال کے معاہدے کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
جبیل اینڈ ینبع رائل کمیشن نے راس الخیراورینبع انڈسٹریل سٹی میں نئے منصوبے قائم کرنے کے لیے 43 ارب ریال سے زیادہ لاگت کے 5 معاہدے کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق معاہدے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر ریاض میں منعقدہ کانکنی کانفرنس کے موقع پر کیے گئے۔
ایک معاہدہ ریڈ سٹی المونیم کمپنی کے ساتھ کیا گیا۔ اس کے تحت ینبع انڈسٹریل سٹی میں ایک پلاٹ فیکٹری قائم کرنے کے لیے کرایے پر دیا جائےگا۔
فیکٹری 703.8 ہیکٹر رقبے میں قائم ہوگی۔ اس میں 38 ارب 168 ملین ریال کی سرمایہ کاری ہوگی۔ فیکٹری کے قیام سے روزگار کے 5517 مواقع فراہم ہوں گے۔
دوسرا معاہدہ ای وی میٹلز (ای وی ایم) کمپنی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ اس کےتحت اعلی درجے کا کیمیکل مواد تیارکرنے والے کمپلیکس کو پلاٹ کرایے پر مہیا کیا جائے گا۔ اس کا رقبہ 127 ہیکٹر ہوگا اس پر 3 ارب 375 ملین ریال کا سرمایہ لگے گا۔
تیسرا معاہدہ سعودی امدادی صنعتوں کی ہولڈنگ کمپنی کے ساتھ کیا گیا۔ اس کے تحت راس الخیر سٹی میں ایک لاکھ 57 ہزارمربع میٹر کا رقبہ المونیم فوائل اور رول تیار کرنے والی فیکٹری کو دیا جائے گا۔ اس پر ایک ارب 281 ملین ریال کا سرمایہ لگے گا اس سے 350 سے زیادہ روزگار کے مواقع مہیا ہوں گے۔
ایک اور معاہدہ طموح کمپنی کے ساتھ کیا گیا جس کے تحت فلورائیڈ المونیم تیار کرنے والی فیکٹری قائم کرنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار مربع میٹر کا پلاٹ مختص کیا جائے گا اس پر 474 ملین ریال لاگت آئے گی۔ فیکٹری 127 سے زیادہ افراد کو روزگار فراہم کرے گی۔
پانچواں معاہدہ الخدمات کمپنی کے ساتھ کیا گیا اس کے تحت سمندری استعمال کے لیے ریڈی مکس کنکریٹ تیار کرنے والی فیکٹری کے لیے دس ہزار مربع میٹر کا پلاٹ دیا جائے گا۔ اس پر 50 لاکھ ریال کا سرمایہ لگے گا اور فیکٹری 75 افراد کو روزگار فراہم کرے گی۔