Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کا دورہ: ’پاکستان اور امارات سٹریٹجک شراکت کو مضبوط بنائیں گے‘

اعلامیہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امارات کے اختتام پر جاری کیا گیا (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات اور پاکستان نے جمعے کو مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے سٹریٹجک شراکت کے استحکام کے لیے مشاورت اور تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’دونوں ممالک خصوصی اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں سٹریٹجک شراکت کو مضبوط بنانے اور نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔‘
امارات کی سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق مشترکہ اعلامیہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ امارات کے اختتام پر جاری کیا گیا۔ 
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی دعوت پر امارات کا دو روزہ دورہ کیا جو ان کے وزیراعظم بننے کے بعد امارات کا تیسرا دورہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقا ت میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورت حال پر بات چیت کی۔ سیاسی، دفاعی، اقتصادی و تجارتی و ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے، نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ 
وزیراعظم پاکستان نے حالیہ سیلاب کے دوران امارات کی جانب سے مدد پر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا شکریہ ادا کیا اور اسے کئی عشروں سے دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک مختلف حالات میں ایک دوسرے سے یکجہتی کے اظہار کی پالیسی پر گامزن ہیں۔‘
اعلامیے کے مطابق ’دونوں ملکوں نے سٹریٹجک تعاون اور شراکت کے استحکام کے لیے مشاورت اور یکجہتی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمیونیکیشن کے شعبے میں مل کر کام کریں گے اور ڈیجیٹل خلا کو پر کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
امارات اور پاکستان نے دونوں ملکوں کے گہرے تاریخی تعلقات کے تناظر میں علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر موقف میں یکسانیت پر اظہار اطمینان کیا اور طے کیا کہ ’اہم شعبوں میں بامقصد اورغیرمعمولی تعاون بڑھایا جائے گا۔‘
دونوں ملکوں نے انسداد انسانی سمگلنگ، خبروں کے تبادلے اور دونوں ملکوں کی سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔ 

شیئر: