Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین میں شہری آبادی پر روسی میزائل حملوں میں 14 ہلاک، 64 زخمی

روس نے یوکرین کے مرکزی شہر دنیپرو پر میزائل حملہ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
روس نے یوکرین پر تازہ میزائل حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے جس میں 14 افراد ہلاک جبکہ 64 زخمی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پہلے مغربی ملک برطانیہ کی جانب سے یوکرین کو جنگی ٹینک فراہم کرنے کے فیصلے پر روس نے ردعمل کے طور پر تازہ حملہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ روس نے مغربی ممالک کو خبردار کیا تھا کہ یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کی صورت میں جنگ مزید شدت اختیار کر جائے گی۔
روس نے سنیچر کی رات گئے یوکرین کے مرکزی شہر دنیپرو میں رہائشی اپارٹمنٹس کی عمارت پر میزائل حملہ کیا جس میں ایک 15 سالہ بچی سمیت 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دنیپرو کے گورنر کا کہنا ہے کہ حملے میں 64 شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں سات بچے بھی شامل ہیں جبکہ 26 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے بھی افراد دبے ہوئے ہیں تاہم ان کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ہر گھنٹے اضافہ ہو رہا ہے۔
صدر کے مشیر میخائیلو پودولیاک نے روس کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
میزائل حملے سے قبل سنیچر کی شام کو برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے یوکرینی صدر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں دو بڑے جنگی ٹینک ’چیلینجر ٹو‘ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
اس بیان کے فوری بعد روس نے انتباہی پیغام جاری کیا۔ 
برطانیہ میں روس کے سفارتخانے کی طرف سے جاری پیغام میں خبردار کیا گیا کہ متنازع علاقے میں ٹینکوں کی موجودگی جنگی آپریشن میں شدت لانے کا باعث بنے گی اور ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ روسی حملوں میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ فوٹو: اے پی

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اپنے خطاب میں روسی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ روس کی دہشت کو صرف میدان جنگ میں ہی روکا جا سکتا ہے اور ہم اس کا مقابلہ اپنی سرزمین، سمندر اور فضاؤں میں کریں گے۔
دارالحکومت کیئف میں بھی کئی دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ شہر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روسی حملوں میں انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم کوئی بڑی تباہی نہیں ہوئی۔
شمال مشرقی علاقے خارکیف کے گورنر نے تصدیق کی کہ اہم انفراسٹرکچر اور صنعتی مقامات پر میزائل حملے ہوئے ہیں۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق روس نے 30 میزائل فائر کیے جن میں سے یوکرین نے 20 فضا میں مار گرائے۔

شیئر: