جدہ .... جدہ کے شہریوں نے گاڑیوں کے شیشوں پر ہیٹ پروف شیٹ لگانے والی دکانوں کو اجازت نامے جاری کرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انکا کہناہے کہ اگر گاڑیوں کے شیشوں پر ہی ہیٹ پروف شیٹ لگانا ممنوع ہے تو ایسی صور ت میں جدہ میونسپلٹی اس قسم کی دکانیں کھولنے کی اجازت کیونکر دے رہی ہے۔ جدہ میں اس قسم کی300سے زیادہ اس قسم کی دکانیں میونسپلٹی کے اجازت ناموں پر باقاعدہ کام کررہی ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اس قسم کی دکانوں کو بیرون مملکت سے ہیٹ پروف شیٹ درآمد کرنے کی بھی باقاعدہ اجازت ہے۔ مقامی شہریوں نے سرکاری پابندیوں اور اجازت ناموں میں تضادات کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ عجیب بات یہ ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی گاڑی میں یہ شیٹ لگائے ہوتا ہے تو اس پر 150ریال جرمانہ کردیا جاتا ہے۔شہریوں نے سوال کیا ہے کہ آیا حکومت کا مقصد محض پیسوں کی وصولی رہ گیا ہے یا کچھ اور ہے کیونکہ ایک طرف جرمانہ لگایا جارہا ہے تو دوسری جانب وہی کام کرنے کے باقاعدہ اجازت نامے بھی دیئے جارہے ہیں۔