دبئی میں ایک سالہ بچی پر تشدد، ملازمہ کو ایک ماہ قید اور بے دخلی کی سزا
عدالت میں ثبوت کے طور پر سی سی کیمرے کی فوٹیج پیش کی گئی( فائل فوٹو العربیہ)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی عدالت نے ایک سالہ بچی پر تشدد کا الزام ثابت ہوجانے پر ملازمہ کو ایک ماہ قید اور سزا بھگتنے کے بعد ملک سے بےدخلی کا حکم سنایا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق خلیجی بچی کے والد نے عدالت میں ملازمہ پر تشدد کا الزام لگایا اور ثبوت کے طور پر سی سی کیمرے کی فوٹیج پیش کی۔
پبلک پراسیکیوشن نے ملازمہ کو تشدد کے الزام میں عدالت کے حوالے کرکے ملازمہ کو وفاقی قانون 2016 کے تحت کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
خلیجی بچی کے والد نے عدالت کو بتایا کہ ملازمہ نے دو مرتبہ بچی کے سر پر پوری قوت کے ساتھ مکے مارے۔ ملازمہ کو سی سی کیمروں کے ذریعے مارتے ہوئے دیکھا ہے۔
ملازمہ نے اپنے خلاف الزام سے انکار کیا اور کہا کہ اس نے بچی پر کوئی تشدد نہیں کیا بلکہ وہ اسے اپنی گود میں لٹا کر اس کے بازو کو تھپتھپا رہی تھی۔ اسے سلانے کے لیے اس کے بالوں سے کھیل رہی تھی۔
ملازمہ نے موقف اختیار کیا کہ اس کا مقصد بچی کو زدوکوب کرنا اور اذیت دینا نہیں تھا۔