ٹوئٹر کی اینڈرائیڈ اور ویب صارفین کے لیے نئی سبسکرپشن پالیسی کا اعلان
ٹوئٹر کی اینڈرائیڈ اور ویب صارفین کے لیے نئی سبسکرپشن پالیسی کا اعلان
جمعرات 19 جنوری 2023 18:24
سان فرانسسکو میں قائم ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹر سے فرنیچر، سجاوٹ اور کچن کے سامان سمیت بہت سی چیزیں نیلامی میں بیچ دی گئیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ’ٹوئٹر بلیو‘ کی سبسکرپشن اینڈرائیڈ موبائل فون کے لیے بھی آئی فون کی طرح 11 ڈالر ماہانہ میں ہی ملے گی جبکہ ویب پر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سالانہ سبسکرپشن میں رعایت کی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق ٹوئٹر کا بلیو ٹِک جو قبل ازیں سیاست دانوں، مشہور شخصیات، صحافیوں اور عوامی شخصیات کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے مفت تھا اب کوئی بھی صارف اس کو خرید سکے گا۔
عام صارفین کے لیے مخصوص ادائیگی کے عوض بلیو ٹِک لینے کا اعلان گذشتہ برس کیا گیا تھا جب ایلون مسک نے کمپنی خریدنے کے بعد اس کی آمدنی بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔
اپنی ویب سائٹ پر ٹوئٹر نے لکھا ہے کہ ’گوگل کے اینڈرائیڈ صارفین اب ٹوئٹر بلیو کی ماہانہ سبسکرپشن 11 ڈالر میں حاصل کر سکیں گے، یہ وہی قیمت ہے جو آئی فون کے صارفین کے لیے رکھی گئی ہے۔‘
ویب سائٹ پر ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سالانہ سبسکرپشن کی قیمت 84 ڈالر رکھی گئی ہے جو کہ ماہانہ آٹھ ڈالر ویب سبسکرپشن کے حساب سے کم ہے۔
ٹوئٹر نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے قیمتوں کی اپنی نئی حکمت عملی پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ٹوئٹر نے کہا ہے کہ ’ویب صارفین کے لیے یہ رعایت امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، جاپان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں دستیاب ہو گی۔‘
دسمبر کے شروع میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ ’ٹوئٹر کے بنیادی بلیو ٹک صارفین کو دکھائے جانے والے اشتہارات کی تعداد نصف کر دی جائے گی اور اُن کی سوشل میڈیا کمپنی اگلے سال تک صارفین کو بغیر کوئی اشتہار دکھائے کم قیمت پر خدمات فراہم کرے گی۔‘
یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا جب ایلون مسک ٹوئٹر کے ذرائع آمدن بڑھا رہے ہیں اور کمپنی کے اخراجات میں بڑے پیمانے پر کمی کی جا رہی ہے۔
بدھ کو کمپنی نے سان فرانسسکو میں قائم ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹرز سے فرنیچر، سجاوٹ اور کچن کے سامان سمیت بہت سی چیزیں نیلامی میں بیچ دیں۔
آن لائن کی گئی اس نیلامی میں رکھی گئی ’دفتر کی اضافی اشیا‘ میں ایک لاکھ ڈالر کا ٹوئٹر کے پرندے کا مجسمہ اور نیون لائٹ پر بنایا گیا ٹوئٹر کا 10 فٹ اونچا لوگو بھی شامل تھا۔ اس کی قیمت 40 ہزار ڈالر لگائی گئی۔