پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ کون، الیکشن کمیشن آج فیصلہ کرے گا
چیف الیکشن کمشنر پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر ارکان کے ساتھ غیررسمی مشاورت کریں گے۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا فیصلہ آج الیکشن کمیشن کی جانب سے کیے جانے کا امکان ہے۔
آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ کرنے کے لیے دو دن کا وقت آج ختم ہو رہا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نگراں وزیراعلیٰ کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے دیگر ارکان کے ساتھ غیررسمی مشاورت کریں گے۔
جمعے کو حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کیمٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے کہا تھا کہ ’فیصلہ یہ ہوا ہے کہ دونوں اطراف کی نام الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، الیکشن کمیشن چاروں امیدواروں کے کردار کو سامنے رکھ کر بہتر شخص کا نام لائے۔‘
قبل ازیں نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار تھا۔
تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا تھا۔
نگراں وزیراعلٰی کی تقرری کے عمل میں وزیراعلٰی پرویز الہٰی کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام دیے گئے جبکہ اپوزیشن نے محسن نقوی اور احد چیمہ کو نگراں وزیراعلی کے لیے نامزد کیا تھا۔
خیال رہے کہ صوبے میں قبل از وقت الیکشن کرانے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اسمبلی توڑنے کے لیے اپنی اتحادی جماعت کے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو ہدایت کی تھی۔