اتحادی افواج کی یمنی سرحدی علاقے پر بمباری کی تردید
’منبہ اور شدا پر مبینہ بمباری میں عام شہریوں کی ہلاکت کی خبریں من گھڑت ہیں‘ (فوٹو: سبق)
اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا کے ان دعوؤں کی تردید کی ہے جس میں اتحادی فوج پر یمنی سرحدی علاقوں پر بمباری کا الزام لگایا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’منبہ اور شدا نامی سرحدی علاقوں پر مبینہ بمباری میں عام شہریوں کی ہلاکت کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں‘۔
اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’اتحادی افواج کی مشترکہ کمان کی پوری کوشش ہے کہ وہ گزشتہ برس طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنائے‘۔
’یہ معاہدہ گزشتہ برس دو اکتوبر کو ختم ہو گیا تھا تاہم حوثی ملیشیا کے بے قابو عناصر کی جانب سے سرحدی علاقوں اور اندرون ملک کی جانے والی آئے روز کی خلاف ورزیوں کے مقابلے میں اتحادی افواج انتہائی ضبط نفس سے کام لے رہے ہیں‘۔
بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’اتحادی فوج کی حوثیوں کے زیر نگین علاقوں میں بمباری کی گمراہ کن اطلاعات خود ساختہ ہیں‘۔
’ ان بے بنیاد خبروں کا مقصد انسانی سمگلنگ اورمنشیات فروشی جیسے منظم جرائم کے بیخ کنی کے لیے اتحادی فوج کے کامیاب آپریشنز کی خبروں کو دبانا ہے‘۔