Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے دی ہیگ میں قرآن کی بے حرمتی کی سخت مذمت

سعودی عرب نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران قرآن کریم کے اوراق پھاڑے جانے کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔
سعودی دفتر خارجہ نے کہا کہ’ یہ ’اشتعال انگیز قدم‘ ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔‘
عرب نیوز اور سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے منگل کو بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب انتہا پسندی اور نفرت کے محرکات کو ترک کرنے اور پرامن بقائے باہم، روا داری اور مکالمے کے اصولوں کے فروغ کی پالیسی پر گامزن تھا، ہے اور رہے گا۔ اس حوالے سے ہمارا موقف غیر متزلزل ہے‘۔  
علاوہ ازیں خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ایک انتہا پسند کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے اقدام  کی سخت مذمت کی ہے۔
ڈاکٹر نایف الحجرف نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس قسم کی حرکتوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور یہ اشتعال انگیز عمل ہے‘۔ 
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ’وہ اس قسم کے ناقابل قبول اقدامات کو روکنے کے لیے اپنا فرض ادا کرے‘۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سویڈن میں ترکیہ کے سفارتخانے کے باہر قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی بھی سعودی عرب اور پاکستان سمیت مسلم ممالک نے سخت مذمت کی گئی تھی۔

شیئر: