روزے کی اہمیت اور زکوٰة کی افادیت پر علماءو دانشوروں کا خطاب
جدہ ( امین انصاری ) خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ ہر سال کی طرح امسال بھی بڑے پیمانے پر استقبال رمضان سیمینار کا انعقاد 11 مئی بروز جمعرات بعد نماز عشاءجدہ کے مقامی ہوٹل میں منعقد کریگا ۔ اس سیمینار کا مقصد عوام کو روزے کی اہمیت اور زکوٰة کی افادیت سے آگہی دلوانا ہے۔ خاک طیبہ ٹرسٹ کے ٹرسٹیز محمد شمیم کوثر ، اعجاز احمد خان اور احمد عبدالحکیم سیمینار کی نگرانی کرینگے ۔ صدر ٹرسٹ میر عارف علی سیمینار کے صدر ہونگے ۔ جنرل سیکریٹری سید خواجہ وقار الدین نے بتایا کہ دکن کے مایہ ناز نوجوان عالم دین ، فاضل جامعہ نظامیہ ، اسلامک اسکالر مولانا سید شاہ خلیل اللہ اویس بخاری کا ایمان افروز خطاب ہوگا ۔ مولانا فضائل رمضان ، زکواة اور روزے کی صحت پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے ۔ اس سیمینار کے مہمان خصوصی معروف سعودی صحافی خالد المعینا ہونگے جبکہ اعزازی مہمان عبد الرحمان اے ،اے خان ہونگے ۔سیمینار سے مہمان اور ٹرسٹیز بھی خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر خاک طیبہ ٹرسٹ کے تحت چلنے والے سینٹرز اور 900 سے زائد طلباءو طالبات پر مشتمل" محدث دکن" اسکول کی رپورٹ پروجیکٹر پر پیش کی جائے گی ۔ نظامت کے فرائض سید خواجہ وقار الدین انجام دینگے ۔اراکین خاک طیبہ ٹرسٹ نے شرکت کی اپیل کی ہے ۔