اُمید ہے بابر اعظم بہت کامیاب کپتان بنیں گے: رِکی پونٹنگ
اُمید ہے بابر اعظم بہت کامیاب کپتان بنیں گے: رِکی پونٹنگ
ہفتہ 28 جنوری 2023 5:34
بابر اعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی کے بارے میں رکی پونٹنگ نے ان کی خوب تعریف کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بیٹر بابر اعظم کا شمار دنیائے کرکٹ کے صف اول کے کھلاڑیوں میں کیا جا رہا ہے۔
بابر اعظم نہ صرف رواں سال آئی سی سی کے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے بلکہ انہوں نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
بابر اعظم نے گزشتہ سال تینوں فارمیٹس میں کُل 44 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 54 کی عمدہ اوسط کے ساتھ 2589 رنز بنائے جس میں آٹھ سینچریاں اور 17 ففٹیز بھی شامل تھیں۔
بابر اعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی کے بارے میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بھی ان کی خوب تعریف کی۔
رکی پونٹنگ نے آئی سی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’تکنیکی طور پر بابر بہت اچھے ہیں۔ وہ سپن بولنگ کو بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ وہ فاسٹ بولنگ کو بہت اچھا کھیلتے ہیں اور وہ مختلف کنڈیشنز میں ڈھل جاتے ہیں، یہی چیز عظیم کھلاڑیوں کو اچھے کھلاڑیوں سے ممتاز کرتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عظیم کھلاڑی ذہنی طور پر بھی بہت مضبوط ہوتے ہیں۔ آپ اسے دیکھیں کہ وہ کیسے کھیلتے ہیں، وہ کیسے ٹیسٹ میچ میں لمبی بیٹنگ کرتے ہیں اور کیسے ون ڈے میں اننگز کو کنٹرول کرتے ہیں۔‘
دو مرتبہ کے ورلڈ چیمپیئن کپتان کا مزید کہنا ہے کہ ’میرے خیال سے ابھی وہ اپنے کیریئر کے عروج پر نہیں ہیں۔ زیادہ تر بیٹرز 30 سال کے اوائل کے میں اپنی عروج پر ہوتے ہیں۔‘
’میرے خیال سے ابھی انہیں مزید چیزیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، مجھے انہیں کھیلتے دیکھنا بہت پسند ہے لیکن میرے خیال سے ابھی بھی بہتری کی گنجائش ہے۔‘
بابر اعظم کی کپتانی کے بارے میں رکی پونٹنگ کہتے ہیں کہ ’میں یہ بات ضرور مانتا ہوں کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کی کپتانی میں مسائل رہے ہیں، خاص طور پر انڈیا کے خلاف میچ میں جب آخری لمحات میں صورتحال نازک ہوگئی تھی۔ تاہم یہ ٹی20 کا کھیل ہے، ٹی20 میں کپتانی کوئی آسان چیز نہیں ہے وہ بھی ورلڈ کپ کے میچ میں، اور وہ بھی تب جب میچ بہت بڑا تھا اور معاملات بہت نازک تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ جب انہیں زیادہ تجربہ ہو جائے گا تو وہ کپتانی کے لیے بھی راہ نکالیں گے اور پاکستان کے بہت کامیاب کپتان بنیں گے۔‘
رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کے پاکستان کے سب سے عظیم کھلاڑی بننے کی بھی پیش گوئی کی اور کہا کہ ’جیسے وہ اوپر جا رہے ہیں، اب وہ شاید سب سے عظیم کھلاڑی ہی بنیں گے۔‘
’مجھے پتا ہے کہ انضمام الحق اور یونس خان بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے بابر سے زیادہ رنز بنائے ہوئے ہیں لیکن جب یہ اپنا کیریئر ختم کریں گے تو ان کے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز ہوں گے۔‘