Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی صدر کی آمد: اسلام آباد میں پیر کے روز تعطیل کا اعلان

اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بدھ کے روز رحیم یار خان پہنچے تھے (فائل فوٹو: وام)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر 30 جنوری کو تمام اداروں میں مقامی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پیر کو مقامی تعطیل کا اعلان متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی آمد کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے باضابطہ نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کے مطابق ’پیر کو تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم سی ڈی اے، ایس این جی پی ایل، آئیسکو اور ہسپتالوں کے عملے کو چھٹی نہیں ہو گی۔‘
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بدھ کے روز رحیم یار خان پہنچے تھے۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کی تھی کہ ’اپنے بھائی شیخ محمد بن زاید کے پاکستان پہنچنے پر خوشی ہوئی۔‘
ایئرپورٹ پر ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورے کو یاد کیا۔
ان کا کہنا تھا ’متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں طے پانے والے معاہدوں پر دونوں ملک مل کر کام کریں گے۔‘
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں۔‘
‘میرے والد نے جنہیں پاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت تھی، دوطرفہ تعلقات کی بنیاد رکھی تھی۔‘

 امارات اور پاکستان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں جو گذشتہ سال 10 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ یو اے ای ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں جو گذشتہ سال 10 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچی تھی۔
چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے مرکزی بینک میں موجود اپنے دو ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس وقت کیا تھا۔
اس کے علاوہ صدر شیخ محمد بن زائد النہیان نے اسلام آباد کی مدد کے لیے مزید ایک ارب ڈالر کا اضافی قرض دینے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔

شیئر: