امریکی ریاست اوہائیو میں سعودی شہری لاپتہ
اتوار 29 جنوری 2023 20:01
امریکی پولیس نے شہریوں اور عرب کمیونٹی سے تعاون کی اپیل کی ہے(فائل فوٹو: العربیہ)
امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈ میں ایک سعودی شہری عبداللہ العنزی لاپتہ ہوگیا۔
العربیہ اورعاجل ویب کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’عبداللہ العنزی کے دوستوں نے اطلاع دی ہے کہ وہ جمعے کی صبح دس بجے سے لاپتہ ہے‘۔
عبداللہ العنزی اپنے دوستوں کے ہمراہ سٹی سینٹر کے لیے نکلا تھا تاہم اس کے بعد سے اس کا کچھ پتہ نہیں۔ اس کے دوست بھی لاعلم ہیں کہ وہ کہاں ہے۔
امریکی پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی شہری اپنے دوستوں کے گروپ کے ہمراہ تھے جب گروپ وہاں سے روانہ ہوا تو عبداللہ العنزی نظر نہیں آئے۔ دوستوں نے تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کچھ پتہ نہیں چلا۔
پولیس نے عبداللہ العنزی کا حلیہ جاری کیا اور بتایا کہ سعودی شہری انگریزی نہیں بول سکتا۔ رابطے کےلیے نمبر بھی دیے ہیں۔ مقامی شہریوں اور عرب کمیونٹی سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی شہری کے لاپتہ ہونے کا معاملہ پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں سعودی سکالر الولید الغربی کے قتل کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔