سعودی عرب کے کئی علاقے پیر سے جمعے تک بارش کی زد میں
کئی علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ پیر 30 جنوری سے آئندہ جمعے تک سعودی عرب کے بیشترعلاقوں میں موسم غیرمستحکم رہنے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکزکا کہنا ہے کہ ’پیر سے بدھ تک تبوک، حدود شمالیہ اور الجوف کے متعدد شہروں میں بارش ہوگی کا امکان ہے۔ منگل اور بدھ کو حائل، القصیم، مدینہ منورہ اور الشرقیہ کے متعدد شہروں میں تک بارش کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ بدھ سے تبوک، الجوف، حدودشمالیہ، حائل اور شمالی مدینہ منورہ کی متعدد کمشنریوں میں درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔ ان علاقوں میں شدید سردی پڑے گی جبکہ ریاض، قصیم اور الشرقیہ کے شمالی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہوگا‘۔
قومی مرکزکا کہنا ہے کہ’ تبوک، الجوف، حدود شمالیہ،حائل، القصیم،الشرقیہ اور ریاض میں پیر سے جمعے تک گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے بعض مقامات پر بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئے گی‘۔
بیان میں قومی مرکز نے مزید کہا کہ’ تبوک ریجن میں جبل اللوز،علقان اور الظھر میں بدھ اور جمعرات کو برفباری متوقع ہے‘۔