Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم کی خرابی، امارات کے صدر کا دورۂ اسلام آباد ملتوی کر دیا گیا

اعلٰی سطحی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا (ٖفوٹو: اے پی پی)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے اسلام آباد کے دورے کو موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کے ارکان نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کا استقبال کریں گے اور انہیں وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔
اماراتی صدر کی آمد پر پاکستان ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی جانب سے اُن کے اعزاز میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا جانا تھا۔
 متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورے کے پیش نظر اسلام آباد میں پیر کو تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ جس کے تحت مخصوص سرکاری اداروں کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں۔
یو اے ای کے صدر پاکستان کے نجی دورے پر منگل 25 جنوری کو رحیم یار خان پہنچے تھے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا تھا۔
 وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا رحیم یار خان کے چاندنہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔‘

اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان منگل کو رحیم یار پہنچے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ’شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ ملاقات میں برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان یہ ایک مہینے کے دوران ہونے والا تیسرا اعلٰی سطح کا رابطہ ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے 12 جنوری کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات گئے تھے اور صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔

شیئر: