بچپن سے ہی طالب علم کو سخت محنت کی عادت ڈالنی چاہئے، مدرسہ الضحیٰ کی گریجویشن تقریب
ریاض (جاوید اقبال) معروف ماہر تعلیم اور پاکستان انٹرنیشنل اسکول کی وائس پرنسپل بیگم ثروت اقبال نے کہاہے کہ قومی ترقی میں تعلیم نسواں کاعنصر انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے اور یہ کہ معاشروں کی صحت مند خطوط پر تعمیر میں عورت کا کردار وقت کے ساتھ مزید واضح ہورہا ہے۔ وہ الضحیٰ اسکول میں کمسن طلباءو طالبات کی گریجویشن کیلئے منعقدہ تقریب میں صدر کی حیثیت سے خطاب کررہی تھیں۔ تقریب کی مہمان خصوصی اردونیوز کی معروف صحافی بیگم تسنیم امجد تھیں۔ بیگم ثروت اقبال نے بچوں اور بچیوں کے پیش کئے گئے ہم نصابی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اسے اعلیٰ معیار کا قرار دیا اور اس کے منتظمین کو مبارکباد دی۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں مدرسے کو الوداع کہنے والے بچوں پر واضح کیا کہ اس ابتدائی تعلیم سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد انہیں متوسط اور ثانوی مدارس میں سخت محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ صدر اور مہمان خصوصی نے اسکول انتظامیہ کی مدد سے بچوں اور بچیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ قبل ازیں کے جی کے بچوں اور بچیوںنے دلکش نغمے اور سبق آموز کہانیوں پر مشتمل ٹیبلوز پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ گریڈ تھری کی بچی نے متاثر کن انداز میں مستقلاً جانے والے بچوں کو الوداع کہا۔ اپنے خطاب میں پرنسپل نے صدر، مہمان خصوصی اور معزز مہمانوںکا تقریب میں آنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نحلہ سعد المطیری اور بیگم انیسہ فردوس کا ادارے کی مدد کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ انکے زیر سرپرستی مدرسے کا معیار بہتر سے بہتر ہورہا ہے۔