غیرقانونی حجامہ کرنے والا غیرملکی جوڑا گرفتار
جمعرات 2 فروری 2023 22:13
حجامہ کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پرعمل کرناضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ پولیس نے یہاں پرمٹ کے بغیر’حجامہ‘ کا پیشہ اختیار کرنے والے غیرملکی جوڑے کو گرفتار کرلیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق مکہ مکرمہ محکمہ صحت کے ترجمان حمد العتیبی نے بتایا کہ رپورٹ ملی تھی کہ یہاں مقیم ایک غیرملکی مرد اوراس کی بیوی غیر قانونی طریقے سے حجامہ کا پیشہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پتہ چلاتھا کہ دونوں یہ کام غیرقانونی طریقے سے کررہے ہیں۔وہ حجامہ کے حوالے سے مقررہ حفاظتی قواعد و ضوابط بھی نظر انداز کردیتے ہیں ۔
حجامہ ایسی صورت میں پرخطرعمل ہوجاتا ہے اگر متعدی امراض سے بچاؤ اور ایک شخص سے دوسرے شخص میں بیماری کی منتقلی کو روکنےوالی تدابیر اختیار نہ کی جائیں۔ غیرملکی جوڑا اس حوالے سے مکمل لاپروائی برت رہا تھا۔
العتیبی نے بتایا کہ غیر ملکی جوڑے کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔