Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوہدری پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکریٹری کا شریک ملزم گرفتار

اینٹی کرپشن کے کیس میں پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی نے ضمانت لے رکھی ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
لاہور میں اینٹی کرپشن پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے شریک ملزم دلشاد کو گرفتار کر لیا ہے۔
جمعے کو لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے مرکزی دروازے سے پولیس نے ایکس سی این ملزم دلشاد کو گرفتار کیا۔
ملزم دلشاد کے وکلاء نے کہا ہے کہ ’اینٹی کرپشن نے عبوری ضمانت کے لیے آئے ملزم کو گرفتار کیا۔‘
محمکہ انسداد بدعنوانی نے پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی اور مذکورہ ایکس سی این کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے جس میں محمد خان بھٹی نے ضمانت لے رکھی ہے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے آبائی گھر گجرات میں پولیس نے چھاپہ مارا تھا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
سابق وزیراعلٰی نے اس چھاپے کی ذمہ داری نگراں حکومت پر ڈالتے ہوئے اس کو انتقامی کارروائی اور الیکشن سے بھاگنے کی ایک کوشش قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل چوہدری پرویز الٰہی خود پنجاب کے وزیراعلٰی تھے اور اسمبلی تحلیل کرنے کے حق میں نہیں تھے، تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کہنے پر انہوں نے اسمبلی توڑ دی۔
انہوں نے البتہ اس خدشے کا سرعام اظہار کیا تھا کہ حکومت میں نہ ہونے کے سبب انہیں اور تحریک انصاف کو انتقامی کاررائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شیئر: