Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چترال میں امریکی شکاری کے ہاتھوں سیزن کا پہلا مارخور شکار

مارخور کے سینگ 45 انچ لمبے ہیں اور عمر نو سال تھی (فوٹو: محکمہ جنگلی حیات)
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں مارخور سیزن کا پہلا شکار ایک امریکی شکاری نے کیا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے بدھ کو پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ توشی شاشا کمیونٹی کے زیرانتظام گیم ریزرو میں یہ شکار کلیمپر ٹوڈ کیون نے کیا۔
شکار کیے جانے والے بڑے نر مارخور کے سینگوں کا سائز تقریباً 45 انچ اور اس کی عمر نو سال تھی۔
پریس ریلیز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے علاقہ مکینوں کو ساتھ ملا جانور کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جن کی بدولت کمیابی کے خطرے سے دوچار مارخوروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق مقامی لوگ جانور کی حفاظت کے انتظامات بڑی سرگرمی سے حصہ لے رہے ہیں۔
خیال رہے آٹھ نومبر کو پاکستان کے محکمہ جنگلی حیات نے کشمیر مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کے چار پرمٹس تین لاکھ 92 ہزار ڈالر (آٹھ کروڑ 68 لاکھ 86 ہزار میں نیلام کیے تھے۔
نیلامی کے بعد محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے ڈی ایف او ہیڈکوارٹرز صلاح الدین نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ مختلف کنزرونسیز میں چار ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس کی نیلامی کی گئی۔
صلاح الدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوموار کے روز ہونے والی نیلامی میں غیر ملکی شکاریوں نے آؤٹ فٹرز کے ذریعے حصہ لیا تھا۔

شیئر: